
(ویب ڈیسک)عام طور پر 70 یا 80 سال سے زائد عمر کے افراد خطرناک سٹنٹ کرنے سے گریز کرتے ہیں،مگر ایک خاتون جو جلد 100 سال کی عمر کے ہندسے کو چھونے والی ہیں، نے دنیا کے معمر ترین ونگ واکر کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ونگ واکر اڑتے ہوئے طیارے کے پروں کے اوپر کھڑے ہونے والے فرد کو کہا جاتا ہے،برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 99 سالہ ہیلگا ڈفی نے گلوسٹرشائر کے قصبے سائرنسیسٹر میں واقع آر ایف سی رینڈ کومب ائیرفیلڈ پر پرواز کرنے والے ایک چھوٹے طیارے کے اوپر کھڑے ہوکر یہ ریکارڈ قائم کیا۔
انہیں اس کا خیال اگست 2026 میں 97 سالہ بیٹی برومیج کو دیکھ کر آیا تھا، جنہوں نے فالج سے صحت یاب ہونے کے بعد طیارے کے اوپر ونگ واکنگ کرتے ہوئے اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
ہیلگا ڈفی ایک کیئر ہوم میں مقیم ہیں اور انہوں نے ونگ واکنگ کو عجیب قرار دیا۔
انہوں نے طیارے کے اوپر کھڑے ہونے کے بعد کہا کہ ‘میں خوفزدہ ہوں کیونکہ میں بہت زیادہ پرجوش ہوں’۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے انہیں عالمی ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔
ان کی بھانجیوں جیکی روز اور جولی پریز نے اس پرواز کو دیکھا اور ہیلگا ڈفی کو آزاد اور بہادر خاتون قرار دیا۔
دوسری جانب بیٹی برومیج نے ہیلگا ڈفی کو مبارکباد دیتے ہوئے مذاق کیا کہ وہ 100 سال کی عمر میں اس ریکارڈ کو توڑ کر دکھائیں گی۔

