خیبرپختونخوا؛ پولیس اور سی ٹی ڈی کیلیے 5 ارب سے زائد کے فنڈز جاری

ctd1765266487 0



پشاور:

خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ مخصوص اضلاع اور دیگر علاقوں کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیے ہیں۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کے دوران پولیس کے جاری منصوبوں کے لیے بقایا فنڈز کا اجرا کردیا گیا ہے۔   یہ فنڈز حالیہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا پولیس کے 9 منصوبوں کے لیے ایک ارب 3 کروڑ 68 لاکھ 75 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (اے آئی پی) اسکیموں کے لیے 4 ارب 26 کروڑ 75 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

اسی طرح مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 86 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفرا اسٹرکچر منصوبے کے فیز ون اور فیز ٹو کے لیے الگ الگ ایک ارب 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

صوبے کی ہر تحصیل اور ٹاؤن ہیڈکوارٹر میں ماڈل پولیس اسٹیشن کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ پولیس اسٹیشنز کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے کے لیے بھی 2 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈکوارٹرز کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے، جبکہ صوبے میں پولیس انفرا اسٹرکچر کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے بھی ایک کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

چارسدہ میں پولیس اسٹیشن مندنی کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ روپے اور مردان میں 5 پولیس چوکیوں کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کے ضلعی سیٹ اپ اور پشاور ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کی تعمیر کے لیے 60 کروڑ 48 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ایف آر پی پولیس لائنز پشاور کی موجودہ عمارت کی بحالی، ڈھانچے کی مرمت، تبدیلی اور توسیع کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

ٹانک میں پولیس لائنز کے لیے زمین کے حصول کے سلسلے میں ڈگری شدہ واجبات کی ادائیگی کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ سینٹرل پولیس آفس کے مطابق تمام اخراجات مقررہ طریقہ کار اور مدت کے اندر متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیے جائیں گے۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مضبوط بنانے اور انفرا اسٹرکچر بہتر کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ