کرپٹو کرنسی کے بدلے ایران کے لیے جاسوسی، اسرائیلی فوجی گرفتار

20261023247l1793333810 0


اسرائیلی فوج کے ایک حاضر سروس اہلکار پر ایرانی انٹیلی جنس کے لیے جاسوسی کرنے اور حساس فوجی معلومات فراہم کرنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق ملزم کو مبینہ طور پر معلومات کے بدلے کرپٹو کرنسی میں ادائیگیاں کی گئیں۔

اسرائیلی سکیورٹی ادارے شن بیٹ، پولیس اور ملٹری پولیس کی مشترکہ تحقیقات کے مطابق فوجی اہلکار کو ستمبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً ایک سال تک ایرانی ایجنٹس سے رابطے میں رہا اور اپنی یونٹ کی سرگرمیوں، فوج کی تیاری، ہنگامی نقل و حرکت اور اپنی فوجی تعیناتی سے متعلق حساس معلومات فراہم کرتا رہا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر فوجی اڈوں اور ان کے مقامات و کوآرڈینیٹس، میزائل دفاعی نظام، فوجی گاڑیوں اور اسرائیل میں موجود امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ طیاروں کی تصاویر اور معلومات بھی ایرانی رابطہ کار کو بھیجیں۔

اس نے اپنے ساتھی فوجیوں اور کمانڈروں سے متعلق معلومات بھی فراہم کیں، جنہیں ایرانی ایجنٹ مزید افراد کو بھرتی کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ایرانی رابطہ کار نے اسے انکرپٹڈ کمیونیکیشن ایپس استعمال کرنے کی ہدایت دی اور دونوں نے خفیہ کوڈز اور ایک فرضی کہانی تیار کرنے پر اتفاق کیا تاکہ جاسوسی سرگرمیاں بے نقاب ہونے کی صورت میں بچاؤ کیا جاسکے۔ ملزم کو مبینہ طور پر ایران جانے کے لیے 2 لاکھ ڈالر کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔

اسرائیلی فوجی عدالت نے ملزم کی حراست میں 12 نومبر 2026 تک توسیع کردی ہے۔ اس پر دشمن کو ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی نیت سے معلومات فراہم کرنے، دشمن کے فائدے کے لیے معلومات منتقل کرنے اور غیر ملکی ایجنٹ سے رابطے سمیت سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم یہ الزامات ابھی عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق یہ معاملہ ایران کی جانب سے اسرائیلی شہریوں اور فوجی اہلکاروں کو سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے جاسوسی کے لیے بھرتی کرنے کی بڑھتی ہوئی کوششوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ حکام نے عوام کو مشکوک افراد کی جانب سے معلومات یا رقم کے عوض کام کی پیشکشوں سے خبردار کیا ہے.





Source link

متعلقہ پوسٹ