ڈی جی آئی ایس پی آر: بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر، افغان طالبان رجیم بھارتی پراکسی

IMG 20261101 WA1689


راولپنڈی — رہورٹ ۔محمد سلیم سے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رائٹرز کو انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے، جبکہ افغان طالبان رجیم مؤثر طور پر بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے۔ ان کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) بھی پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے الزام لگایا کہ افغان طالبان اپنے مقاصد کے لیے غیر ریاستی عناصر اور کرائے کے جنگجوؤں کو استعمال کرتے ہیں اور افغانستان اب بھی غیر ریاستی عناصر کے اثر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت نے نور ولی محسود، بشیر زیب اور گل بہادر جیسے مطلوب دہشت گرد کمانڈرز کو پناہ دی ہے اور دہشت گرد گروپ افغان سرزمین سے پاکستان میں داخل ہو کر حملے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس کی افغانستان میں مداخلت کے بعد مختلف خفیہ ایجنسیوں اور پراکسی گروپس نے وہاں جڑیں مضبوط کیں، جبکہ کالعدم جیش العدل، القاعدہ اور داعش خراسان جیسی تنظیمیں بھی افغانستان میں موجود ہیں؛ ان کی نشاندہی اقوام متحدہ، امریکا اور دیگر ممالک کر چکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے افغان طالبان کو وارننگ دی کہ اگر وہ پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت بند نہیں کرتے تو انہیں “بھاری قیمت” چکانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو الگ تھلگ نہیں کرنا چاہتا، البتہ کابل سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستان مخالف دہشت گردوں کی پناہ گزینی اور حمایت ختم کرے۔

متعلقہ پوسٹ