ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی رپورٹس، اسرائیل کے شہر کرمیئل میں ہنگامی تیاریاں تیز

isra bunk d


تل ابیب (انٹرنیشنل ڈیسک) – اسرائیل نے جنگ کے خدشات کے پیش نظر شمالی شہر کرمیئل میں ہنگامی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
بلدیہ کے مطابق میئر موشے کوننسکی نے شہر کے سیکورٹی سربراہ اور ٹیموں کو تمام عوامی پناہ گاہوں کا معائنہ کرنے اور شہر کو ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ بلدیہ نے واضح کیا کہ اسرائیلی فوج کی ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
یہ اقدام اسرائیلی میڈیا کی ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے کہ امریکہ مذاکرات کی بحالی کی شرائط پر اختلافات کے باعث امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر نئے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ ایران نے بھی فوری اور شدید ردعمل کی دھمکی دی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملے شروع کیے تھے، جن میں رپورٹس کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر سمیت 40 سے زائد فوجی و سیاسی رہنما مارے گئے۔ جواب میں ایران نے خطے میں امریکی اڈوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے اور اسرائیل کو براہ راست نشانہ بنایا، جس سے اسرائیلی شہروں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور شہریوں کو طویل عرصے پناہ گاہوں میں رہنا پڑا۔
اپریل میں پاکستان اور ترکی کی ثالثی سے جنگ بندی ہوئی۔ جون میں امریکہ اور ایران نے آبنائے ہرمز میں آزادیٔ جہاز رانی پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، لیکن سیکورٹی اختلافات کے باعث اس پر عمل رک گیا۔ پس پردہ کوششیں جاری ہیں، تاہم ناکامی کی صورت میں حملے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ