پاکستان ریلوے پولیس کی نئی قیادت؛ سینئر پولیس افسر شہزادہ سلطان نے انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس کا چارج سنبھال لیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایات اور سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر، مضبوط اور جدید بنانے کے لیے نو تعینات آئی جی ریلوے پولیس نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
شہزادہ سلطان پولیس سروس آف پاکستان (PSP) کے سینئر افسر ہیں، جنہوں نے 1998ء میں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا۔ انہیں پولیسنگ، تفتیش، آپریشنز، انتظامی امور اور انسداد دہشت گردی میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
وہ پنجاب پولیس، بلوچستان پولیس، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA) اور اقوام متحدہ کے بین الاقوامی مشن میں اہم ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ ان کی اہم تعیناتیوں میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، ڈی آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن پنجاب، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز پنجاب، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، چیف آف انویسٹی گیشنز لاہور، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج لاہور، اور بلوچستان پولیس میں اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ شامل ہیں۔
شہزادہ سلطان NACTA میں ڈائریکٹر جنرل پالیسی، کاؤنٹر ٹیررازم اینڈ ایکسٹریمزم اور ڈائریکٹر جنرل پالیسی، کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیررازم کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کے کوسووو مشن (UNMIK) میں بھی کام کر چکے ہیں۔
شہزادہ سلطان نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم فل اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے ماسٹرز کیا ہے۔ بطور آئی جی ریلوے پولیس ان کی اولین ترجیحات میں ریلوے میں چوری اور جرائم کی روک تھام، بغیر ٹکٹ سفر کے رجحان کا مکمل خاتمہ، ریلوے اراضی پر تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں، مسافروں، ریلوے املاک اور قومی اثاثوں کا تحفظ، پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت و کارکردگی میں بہتری اور فرائض میں غفلت و کوتاہی کے خلاف سخت کارروائی شامل ہیں۔
نئے آئی جی ریلوے پولیس کے مطابق مسافروں، ریلوے اثاثوں اور املاک کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات کے ساتھ سکیورٹی نظام، مسافروں کے تحفظ اور قومی اثاثوں کی حفاظت کو مزید یقینی بنایا جائے گا۔

