اسپین میں رہائشی بحران کے خلاف 14 برسوں میں پہلی عام ہڑتال، بارسلونا میں پرتشدد واقعات

Inquilab 20261112 173547 0000 d


مدرد: کرایوں، رہائش اور مہنگائی کے بڑھتے اخراجات کے خلاف اسپین میں بدھ کے روز ملک گیر عام ہڑتال ہوئی، جس میں لاکھوں مزدوروں نے شرکت کی۔ یہ ملک میں گزشتہ 14 برسوں کے دوران پہلی عام ہڑتال ہے، جس کے نتیجے میں آمدورفت متاثر ہوئی، متعدد کاروبار بند رہے اور کئی پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ہڑتال ”تنخواہیں، رہائش، قیمتیں“ کے نعرے کے تحت کی گئی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت کرایوں پر قابو لائے، کرایہ داروں کو مضبوط قانونی تحفظ دے، سرکاری رہائش گاہیں بڑھائے اور کم از کم اجرت کے نئے معاہدے کریں۔
احتجاج اور تشدد
بارسلونا میں منتظمین کے مطابق تقریباً 4 لاکھ افراد نے مارچ میں شرکت کی، جبکہ شہری حکام نے یہ تعداد 55 ہزار بتائی۔ میڈرڈ میں شدید بارش کے باوجود حکام کے اندازے کے مطابق ایک لاکھ 20 ہزار مظاہرین سڑکوں پر آئے۔
پرامن مارچ کے بعد بارسلونا کے پاسیو ڈی گراسیا علاقے میں نوجوان مظاہرین کے چھوٹے گروپوں نے دکانوں کے شیشے توڑے، آگ لگائی اور پولیس پر پٹاخے اور آتش بازی کا سامان پھینکا۔ کچھ نقاب پوش افراد نے ایپل اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔ پولیس کے مطابق ملک بھر میں 49 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ہوائی اڈوں کے آپریٹر اے این اے (AENA) نے اطلاع دی کہ احتجاج کے دوران تقریباً 5 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
غصے کی بنیادی وجہ
اسپین میں گزشتہ دہائی کے دوران اوسط کرایے تقریباً دوگنا ہو چکے ہیں۔ میڈرڈ میں اکتوبر میں 50 مربع میٹر کے فلیٹ کا کرایہ تقریباً 1,170 یورو ماہانہ تھا، جبکہ اوسط مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً 2,460 یورو تھی۔
عوامی غصے میں اضافے کی ایک بڑی وجہ میڈرڈ میں 87 سالہ ماریکارمین نامی خاتون کی بے دخلی اور اس کے بعد اس کی موت تھی۔ رہائشی حقوق کے کارکنوں نے ہڑتال کی کال میں اس کیس کو نمایاں کیا۔ 74 سالہ المودینا لوپیز نے کہا کہ ان کا 43 سالہ بیٹا اب بھی گھر خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔
یونینز اور کاروباری اداروں میں اختلاف
مزدور یونینز سی سی او او (CCOO) اور یو جی ٹی (UGT) نے دعویٰ کیا کہ کار سازی اور بندرگاہوں میں ہڑتال کی شرکت 90 فیصد جبکہ توانائی کے شعبے میں 75 فیصد رہی۔ تاہم کاروباری اداروں کی تنظیم سی ای او ای (CEOE) نے ہڑتال کو ناکام قرار دیتے ہوئے مجموعی شرکت تقریباً 5 فیصد بتائی۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خوردہ فروشی اور مہمان نوازی کے شعبوں کے مقابلے بھاری صنعت اور ٹرانسپورٹ میں شرکت زیادہ رہی۔
سیاسی اثرات
وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے 29 نومبر کو انتخابات کا اعلان کیا ہوا ہے۔ اکتوبر میں ہونے والے ٹرین حادثے میں 69 افراد کی ہلاکت کے بعد ان کی سوشلسٹ پارٹی کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو عوامی توجہ دوبارہ رہائش کے مسئلے پر مرکوز کرنے کے لیے پرامن ہڑتال کی ضرورت تھی، لیکن بارسلونا میں ہونے والے تشدد نے سیاسی صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ