متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کے مطابق حادثہ 18 گاڑیوں اور 5 ٹرکوں کے درمیان ہونے والے ایک کے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس خوفناک حادثے میں مجموعی طور پر 23 گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، حکام کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیمیں حادثے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیلڈ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام جائے وقوعہ پر ضروری کارروائی مکمل کرنے اور حادثے کی وجوہات و محرکات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور معلومات کی مکمل تصدیق ہونے کے بعد مزید سرکاری تفصیلات جاری کی جائیں گی۔


