پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، فوری روکنے کا مطالبہ

399891 2098570165


پاکستان نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے یمن سے متعلق پابندیوں کے اقدامات اور ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں توسیع کی قرارداد 2140 کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت اور انہیں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سلامتی کونسل نے جمعرات کو یمن پر اپنی پابندیوں کی تجدید کرتے ہوئے ان دوہرے استعمال کے اجزا اور کیمیکلز کی فراہمی روکنے کے لیے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی تھی، جنہیں حوثی ملیشیا ڈرون اور میزائل بنانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

کونسل کے ارکان کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد میں یمن کے اندر اس گروپ کی فوجی کارروائیوں میں اضافے اور سعودی عرب پر اس کے سرحد پار حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔  حالیہ دنوں میں حوثیوں نے مملکت کے مختلف مقامات پر حملے کیے ہیں، جن میں تیل کی تنصیبات، ایئرپورٹس اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

اتفاق رائے سے منظور کی جانے والی قرارداد (جس کا مطلب رائے شماری کے بغیر ہے کیوں کہ کوئی باضابطہ اعتراض نہیں تھا) میں مطالبہ کیا گیا کہ حوثی یمن میں اپنا فوجی حملہ، سعودی عرب پرحملے اور تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرات دور کریں۔

سلامتی کونسل کی قرارداد میں ملیشیا کے ارکان پر اثاثے منجمد کرنے اور سفری پابندیوں کو 14 نومبر 2027 تک بڑھا دیا گیا ہے اور پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ کی 15 دسمبر 2027 تک تجدید کی گئی ہے۔ اپریل 2015 میں قرارداد 2216 کے تحت حوثیوں پر لگائی گئی اسلحے کی پابندی کے ختم ہونے کی کوئی تاریخ مقرر نہیں ہے۔

پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے قرارداد کی منظوری کے بعد اپنے خطاب میں یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے 2140 کمیٹی کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستانی مندوب نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: ’ہم سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے ہماری حمایت پختہ ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی سرزمین کا دفاع کرنے اور اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کا جائز حق حاصل ہے۔

انہوں نے حوثیوں کے حملوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

سلامتی کونسل کی قرارداد

سلامتی کونسل نے جمعرات کو یمن پر اپنی پابندیوں کی تجدید کرتے ہوئے ان دوہرے استعمال کے اجزا اور کیمیکلز کی فراہمی روکنے کے لیے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی تھی، جنہیں حوثی ملیشیا ڈرون اور میزائل بنانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

کونسل کے ارکان کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد میں یمن کے اندر اس گروپ کی فوجی کارروائیوں میں اضافے اور سعودی عرب پر اس کے سرحد پار حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب سارہ میکنٹوش نے کہا کہ ’آج کی اتفاق رائے سے منظوری حوثیوں کی جانب سے یمن، سعودی عرب اور وسیع تر خطے میں کیے جانے والے اندھا دھند حملوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے اس کونسل کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ 

’ہم ان حملوں کے مقابلے میں یمن کی حکومت اور مملکت سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑے ہیں اور ہم بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کی اپنی سکیورٹی اور خودمختاری کے دفاع کے حق کی تصدیق کرتے ہیں۔‘

قرارداد کا مقصد ملیشیا کی خود کو مسلح کرنے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت سے نمٹنا تھا۔ میکنٹوش نے کہا کہ اس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پابندیوں کا نظام ’حوثیوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کے ساتھ ہم آہنگ رہے۔‘

اس میں مقامی سطح پر ہتھیاروں کی تیاری کے لیے دوہرے استعمال کے اجزا اور بنیادی کیمیکلز پر ان کا انحصار شامل ہے، جو ’خطے بھر میں عدم استحکام پیدا کرنے والے حملے شروع کرنے کی ان کی صلاحیت‘ کو تقویت دیتا ہے۔ دوہرے استعمال کی اشیا وہ اجزا ہیں جن کے جائز شہری استعمال ہوتے ہیں لیکن انہیں فوجی کارروائیوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے مبصرین نے دریافت کیا ہے کہ ملیشیا سمگلنگ اور تجارتی بنیادوں پر دستیاب پرزوں کا رخ موڑ کر اپنے ہتھیار برقرار رکھتی ہے۔ اس نے رفتہ رفتہ اسے بیرونی حمایت پر کم انحصار کرنے والا بنا دیا ہے اور اسے مقامی طور پر حملہ آور ڈرون تیار کرنے کے قابل بنایا ہے۔

کونسل کا کہنا ہے کہ اس کا ارادہ ماہرین کے پینل کی جانب سے مرتب کردہ فہرست کی بنیاد پر 11 جنوری تک یہ فیصلہ کرنا ہے کہ رکن ممالک کو حوثیوں کو مخصوص اشیا کے حصول سے روکنے کے لیے کیا اقدامات کرنے چاہییں۔

میکنٹوش نے کہا کہ لندن ’آنے والے مہینوں میں دوہرے استعمال کی ان اشیا کی فہرست پر اتفاق کرنے کے لیے کونسل کے ارکان کے ساتھ مل کر کام کرے گا جن پر اقدامات لاگو ہوں گے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قرارداد میں ماہرین کے پینل سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ یمن کے اہم اقتصادی شعبوں پر حوثیوں کے کنٹرول سے حاصل ہونے والی آمدنی کا سراغ لگائے، جس نے اثاثے منجمد کرنے کی تاثیر کو کم کر دیا ہے، اور اس رقم کو فوجی استعمال میں جانے سے روکنے کے طریقوں کی سفارش کرے۔

کونسل نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ حوثیوں کی جانب سے اقوام متحدہ، سفارتی اور انسانی ہمدردی کے عملے کی من مانی حراست مزید پابندیوں کی بنیاد بن سکتی ہے۔ امریکہ کی حمایت سے بحرین نے اسے قرارداد کے متن میں شامل کرنے کی تجویز دی۔

یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے ایک یمنی ملازم محمد الشامی کی حوثیوں کی حراست میں موت ہو گئی۔ انہیں 6 جون 2024 سے ملیشیا نے من مانی طور پر حراست میں رکھا ہوا تھا اور ان کے اہل خانہ کو حال ہی میں آگاہ کیا گیا کہ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ قبل وہ جان سے گئے۔

میکنٹوش نے کہا: ’برطانیہ حوثیوں کی جانب سے اقوام متحدہ، انسانی ہمدردی، سول سوسائٹی اور سفارتی عملے کی مسلسل حراست کی مذمت کرتا ہے۔‘ انہوں نے برطانیہ کا ان کی ’فوری اور غیر مشروط رہائی‘ کا سابقہ مطالبہ بھی دہرایا۔

اگرچہ قرارداد بالآخر اتفاق رائے سے منظور ہو گئی، لیکن مذاکرات مشکل تھے۔ برطانیہ نے اس زبان کو بحال کرنے کی کوشش کی جس میں حوثیوں کو ’دہشت گرد گروہ‘ قرار دیا گیا تھا، یہ وہ الفاظ تھے جو 2022 سے گذشتہ پابندیوں کی قراردادوں میں استعمال کیے گئے تھے۔

روس کے اس اعتراض کے بعد کہ اس سے سیاسی مذاکرات میں رکاوٹ پیدا ہوگی، اس نے یہ کوشش ترک کر دی۔ کونسل کے عرب رکن بحرین نے امریکہ کی حمایت کے ساتھ اسے دوبارہ شامل کرنے کی کوشش کی لیکن اس درخواست کو منظور نہیں کیا گیا۔

روس کی حمایت سے چین نے دوہرے استعمال کی اشیا کی فہرست اور ماہرین کے پینل میں توسیع کی مخالفت کی۔ صومالیہ میں الشباب کے ساتھ حوثیوں کے روابط سے متعلق متن چین اور روس کے ساتھ کونسل کے افریقی ارکان کے اعتراضات کے بعد ہٹا دیا گیا۔

اقوام متحدہ میں یمن کے سفیر عبداللہ السعدی نے حوثیوں کی کونسل کی جانب سے مذمت کا خیرمقدم کیا لیکن اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کونسل ’چیزوں کو ان کے ناموں سے پکارنے پر متفق نہیں ہو سکی۔‘ انہوں نے شہریوں پر حملوں، سرحد پار کارروائیوں اور بین الاقوامی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کے حوالے سے ملیشیا کے بقول ان کے ’بھرپور دہشت گردانہ ریکارڈ‘ کا حوالہ دیا۔

یہ رائے شماری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حالیہ ہفتوں میں یمن میں جنگ دوبارہ بھڑک اٹھی ہے۔ حوثیوں نے ستمبر کے اوائل میں ایک حملہ شروع کیا اور سرکاری افواج کے ساتھ کئی دنوں کی لڑائی کے بعد بحیرہ احمر کی سٹریٹجک بندرگاہ موکھا پر قبضہ کر لیا اور یمن کے پورے بحیرہ احمر کے ساحل اور آبنائے باب المندب کے آس پاس تیزی سے غالب پوزیشن کا کنٹرول سنبھال لیا۔

ملیشیا نے میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ایک سلسلے کے ساتھ سعودی سرزمین کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا، جس میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ینبع کے سویلین ہوائی اڈے اور تیل کی تنصیبات شامل ہیں، جو فروری میں شروع ہونے والی امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے بعد مملکت کا بنیادی برآمدی راستہ بن گیا تھا۔

السعدی نے کہا کہ قرارداد کی حقیقی اہمیت ’زمین پر اس کے نفاذ‘ اور کونسل کی اس کی شقوں کو ایسے اقدامات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت پر منحصر ہوگی جو ’ہتھیاروں کے بہاؤ کو روکیں۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ