پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم: ملکی و عالمی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط

gold mine sandak1794584961 0



اسلام آباد:

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوگئے،وزیراعظم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معدنی وسائل کی تلاش کی دعوت دیتے ہوئے تحفظ کی یقین دہانی کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ دوروزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء (پی ایم آئی ایف 2026) جمعہ کو ختم ہوگیا۔

فورم کے دوران ایک اہم اعلان فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے کیا گیا، جس میں بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تانبے کے ذخائر کا تخمینہ 35 کروڑ ٹن لگایا۔ یہ تخمینہ اب تک تجزیے کے لیے دستیاب ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریباً نصف کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اس اعلان نے پاکستان میں معدنیات کی تلاش کے وسیع امکانات اور فورم میں پیش کیے گئے سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید اجاگر کیا۔

میری منرلز نے بلوچستان میں سونے اور تانبے کے اپنے پہلے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے اعلان کیا کہ تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کے بعد بلوچستان کے ضلع چاغی میں کم از کم آٹھ پورفیری ذخائر میں تانبے اور سونے کی معدنی موجودگی دریافت کی گئی ہے۔

این آر ایل نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویڑن) علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت کے حامل اسٹریٹجک معدنیات کی تلاش پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے جدید جیوکیمیکل اور جیو فزیکل سرویز، ایکسپلوریشن ڈرلنگ اور جدید تجزیاتی ٹیکنالوجیز سے لیس جیو سائنس لیبارٹریوں کی بہتری کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن، جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور بنیادی دھاتوں کے امکانات کا ذکر کیا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان مقامی پراسیسنگ اور ریفائننگ کے ذریعے معدنیات کی ویلیو چین میں اپنا حصہ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں تانبے کی سملٹنگ کے قیام کی جانب پیش رفت بھی شامل ہے۔

انہوں نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے تیز رفتار ارضیاتی نقشہ سازی کے پروگرام کو اجاگر کیا، جس میں 1:50,000 کے پیمانے پر سرویز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل نقشہ سازی، فضائی سرویز اور معدنیات کے جائزے کے شعبوں میں استعداد بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تکنیکی تعاون کا بھی ذکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ارضیاتی ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دینے سے سرمایہ کاروں کو قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی ملے گی اور معدنیات کی تلاش سے وابستہ خطرات کم ہوں گے۔

وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کان کنی کے منصوبوں کی تجارتی کامیابی کے لیے بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی سمیت معاون بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے روہڑی۔نوکنڈی ریلوے کوریڈور کی مجوزہ اپ گریڈیشن، پورٹ قاسم سے رابطے اور ریکوڈک کے اطراف بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے اہم اقدامات قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں پراسیسنگ، ریفائننگ، ڈاوٴن اسٹریم صنعتوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی ہنرمندی و سپلائرز کی ترقی کو فروغ ملے، جبکہ کان کنی کے منصوبوں کے لیے مقامی آبادی کا اعتماد بھی یقینی بنایا جائے۔

فورم کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط بھی کیے گئے۔ اپنے اختتامی کلمات میں پی ایم آئی ایف کے صدر اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک نے کہا کہ فورم پاکستان کے معدنیات کے شعبے کے مستقبل کے حوالے سے پْرامید فضا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

ان کے مطابق اس فورم نے بین الاقوامی سرمایہ کاری میں دلچسپی، قومی عزم، تکنیکی مہارت اور ملک کی معدنی صلاحیت سے بھرپور استفادے کے مشترکہ عزم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔

فورم کے دوران 13 تکنیکی سیشنز، پینلز اور گول میز مباحثوں کے ساتھ آٹھ اسٹریٹجک مباحثے بھی منعقد ہوئے، جن میں پالیسی سازوں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں، صنعتی رہنماوٴں اور تکنیکی ماہرین نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کے مستقبل کی تشکیل کے لیے تبادلہ خیال کیا۔

بین الاقوامی صنعتی رہنماوٴں میں بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان ایل تھورنٹن، ایوانہو مائنز کے ایگزیکٹو چیئرمین رابرٹ فریڈلینڈ اور من میٹلز سینٹرل اینڈ ساوٴتھ ایشیا کے نائب صدر وانگ جیچینگ نے بھی فورم سے خطاب کیا۔ پاکستانی کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے اسٹریٹجک اعلانات میں منصوبوں کو آگے بڑھانے اور معدنیات کی پوری ویلیو چین میں شرکت مضبوط بنانے کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا’لائسنس ٹو ڈیلیور: بلڈنگ ٹرسٹ، انفراسٹرکچر اینڈ ایکسپورٹ کوریڈورز“ کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں مسابقتی کان کنی کی صنعت کی ترقی کے لیے سکیورٹی، ماحولیاتی و سماجی معیارات، نقل و حمل کے روابط، بجلی، پانی اور لاجسٹکس کی اہمیت کا جائزہ لیا گیا۔ اسٹریٹجک مباحثوں کے ساتھ تکنیکی کانفرنس بھی جاری رہی، جس میں ماہرین نے ارضیاتی خصوصیات کے تعین، معدنیات کی تلاش، مصنوعی ذہانت، پراسیسنگ ٹیکنالوجیز اور سرمایہ کاری کی تیاری سے متعلق تحقیقی مقالے پیش کیے۔

بین الاقوامی نمائش نے بھی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کو اپنے منصوبے، آلات اور خدمات پیش کرنے اور کاروباری شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیاپی ایم آئی ایف 2026، 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا، جس میں 60 سے زائد ممالک کے حکومتی رہنماوٴں، بین الاقوامی کان کنی کمپنیوں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں، مالیاتی اداروں اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔ فورم میں 122 نمائش کنندگان شریک ہوئے، جبکہ شرکاء کی مجموعی تعداد تقریباً 6,000 رہی۔

فورم کا مقصد پاکستان کی معدنی صلاحیت کو اجاگر کرنا، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے مواقع کو عالمی مہارت سے منسلک کرنا تھافورم کا انعقاد حکومت پاکستان نے کیا، اسے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی تائید حاصل تھی، جبکہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) اس کی بانی شراکت دار تھی۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا ہدف صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک کے اندر ترقی دینا ہے۔ انہوں نے ملکی معدنی دولت کو ٹھوس معاشی فوائد میں تبدیل کرنے کو ایک مشترکہ قومی ہدف قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کی مقامی آبادی کو کان کنی کے منصوبوں سے براہ راست فائدہ پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے ایسی طویل مدتی شراکت داریوں کی ضرورت پر بھی زور دیا جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار قدر پیدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ”صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی“ کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ اس کے عوام ان مواقع کو نتائج میں بدلنے کی اصل قوت ہیں۔

فورم کے اختتامی روز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کی غیر پراسیس شدہ شکل میں برآمد سے آگے بڑھ کر ایسی سہولیات قائم کرے جہاں خام مواد کو تیار اور نیم تیار مصنوعات میں تبدیل کیا جاسکے۔ اس سے زیادہ معاشی قدر پیدا کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے، تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا، ”آپ کی حفاظت ہماری حفاظت ہے“، اور کان کنی و معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق خدشات دور کرنے اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

گولڈمین ساکس کی اس پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہ پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ ملک یہ سنگ میل 2050 سے بھی پہلے حاصل کرلے گا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) جیوپورٹل کا افتتاح بھی کیا۔ ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مقصد ارضیاتی معلومات تک رسائی بہتر بنانا، معدنیات کی تلاش میں معاونت کرنا، سرمایہ کاروں کے لیے غیر یقینی صورت حال کم کرنا اور باخبر سرمایہ کاری کے فیصلوں کو ممکن بنانا ہے





Source link

متعلقہ پوسٹ