فجیرہ (ایجنسی): متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر آدھی رات سے کچھ دیر پہلے ایک ٹرک بے قابو ہو کر کئی گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں ۱۴ افراد ہلاک اور ۳۰ زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ٹرک سست رفتار ٹریفک کے باعث رکی ہوئی گاڑیوں سے ٹکرایا اور الٹ گیا۔ ٹکر کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی، جو دیگر گاڑیوں تک پھیل گئی۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق حادثے میں ۱۸ گاڑیاں اور ۵ ٹرک، یعنی کل ۲۳ گاڑیاں شامل تھیں۔ حادثہ فجیرہ کے داخلی راستے کے قریب پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس، ریسکیو اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے آگ بجھائی، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر اسپتال منتقل کیا اور ٹریفک کا نظام سنبھالا۔
حکام کے مطابق ۳۰ زخمیوں میں سے ۱۵ کو علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی ۱۵ زیرِ علاج ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں اماراتی شہری شامل ہیں اور کئی متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں متحدہ عرب امارات، عمان، ہندوستان، برازیل، پاکستان، اردن اور مصر کے شہری شامل ہیں۔
فجیرہ پولیس نے متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور ڈرائیوروں سے رفتار کی حد اور گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ پولیس نے عوام کو افواہوں سے بچنے اور صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ حادثے کی قانونی و تکنیکی تحقیقات جاری ہیں۔

