نیویارک (ایجنسی): اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی اقتصادی و مالیاتی امور سے متعلق دوسری کمیٹی نے ۱۵۱ ممالک کی حمایت سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں فلسطینی عوام کے اپنے قدرتی وسائل پر مستقل حقِ خودمختاری کی توثیق کی گئی ہے۔ قرارداد کے خلاف ۷ ووٹ آئے، جبکہ ۱۱ ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
گروپ آف ۷۷ اور چین کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کی یورپی یونین کے تمام رکن ممالک اور کینیڈا نے حمایت کی۔ امریکہ، اسرائیل، کولمبیا، پیراگوئے، پلاؤ، ناورو اور مائیکرونیشیا نے اس کی مخالفت کی۔
قرارداد میں فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ اور مستقل حقوق کی توثیق کرتے ہوئے اسرائیل سے ان وسائل کا استحصال بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو وسائل کے ضیاع سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ قرارداد کے مطابق چوتھا جنیوا کنونشن اور اقتصادی، سماجی و ثقافتی حقوق کا بین الاقوامی معاہدہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر لاگو ہوتے ہیں۔
یہ قرارداد عالمی عدالتِ انصاف کی ۱۹ جولائی ۲۰۲۴ کی مشاورتی رائے پر مبنی ہے، جو مشرقی بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی پالیسیوں اور اقدامات کے قانونی اثرات سے متعلق تھی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی بستیوں کی تعمیر، دیوار اور دیگر اقدامات فلسطینی ماحول کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ سلامتی کونسل کی قرارداد ۲۳۳۴ کے تحت تمام ممالک سے مطالبہ دہرایا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی علاقوں اور ۱۹۶۷ سے مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے درمیان واضح فرق رکھیں۔
اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور نے کہا کہ بھاری اکثریت سے ہونے والی رائے شماری فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق، بالخصوص قدرتی وسائل پر ان کے حقِ خودمختاری کے لیے عالمی حمایت کی تجدید ہے۔ انہوں نے قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کے موقف کی ستائش کی۔

