لاہور؛ شاہی قلعے کا اکبری دروازہ دو صدیوں بعد عوام کیلئے کھولنے کی تیار، بحالی مکمل

shahi qila1794590829 0



لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کا تقریباً دو صدیوں سے بند اکبری دروازہ بحال کر دیا گیا ہے اور اسے رواں سال دسمبر میں سیاحوں اور عام شہریوں کے لیے کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

مغل بادشاہ اکبر کے دور میں تعمیر ہونے والا بادشاہی قلعے کا اکبری دروازہ برطانوی عہد میں بند کر دیا گیا تھا اور 2023 میں شروع ہونے والے بحالی منصوبے کے تحت نہ صرف تاریخی عمارت کو اصل طرز تعمیر کے مطابق بحال کیا گیا ہے اور اس سے سیاحتی اور عوامی سرگرمیوں کے لیے بھی تیار کیا گیا ہے۔

قلعے کے مشرقی حصے میں واقع اکبری دروازہ مغل دور میں اندرون شہر کو شاہی قلعے سے منسلک کرنے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا، اس راستے سے عام شہری، تاجر اور شاہی وفود قلعے میں داخل ہوتے تھے۔

ڈائریکٹر کنزرویشن وجاہت علی خان کے مطابق اکبری دروازہ قلعے کی ابتدائی تعمیرات میں شامل ہے، جس کے بعد قلعے کو مشرق سے مغرب کی جانب توسیع دی گئی اور مختلف ادوار میں دوسرے دروازے تعمیر کیے گئے مگر برطانوی حکومت نے اپنی انتظامی پالیسی اور طاقت کے اظہار کے لیے یہ دروازہ بند کر دیا تھا۔

بحالی کا منصوبہ پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی، فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے اشتراک سے مکمل کیا گیا، کام کے دوران سکھ اور برطانوی ادوار میں کی گئی پلستر کی تہیں ہٹانے سے قدیم فریسکو مصوری دریافت ہوئی، جس میں ہندو دیوتاؤں کی تصاویر بھی شامل ہیں، ان تصویروں کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

پراجیکٹ انجینیئر یاسر علی کے مطابق طویل عرصے تک بند رہنے سے لکڑی کا بھاری مرکزی دروازہ جام اور غیر متوازن ہوگیا تھا، جس کی مرمت کرکے اسے دوبارہ قابل استعمال بنایا گیا ہے، رم مارکیٹ کی جانب سے رسائی بہتر بنانے کے لیے راستہ اور سلوپ بھی تعمیر کیا گیا ہے، صحن میں کھدائی کے دوران قدیم نکاسی آب کا نظام بھی دریافت ہوا، جسے بحالی کے منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت عمارت کی زیریں منزل پر ٹکٹ گھر کے لیے کیبن، پہلی منزل پر تاریخی تصاویر اور دستاویزات کی گیلری جبکہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے گا، وہیل چیئر ریمپ اور پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

 

شاہی قلعے کے انچارج اویس رضا کے مطابق اکبری دروازے کو دسمبر میں کھولنے کے بعد شہری اس تاریخی راستے سے بھی قلعے میں داخل ہو سکیں گے، تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ انہیں گیلریوں، کیفے اور دیگر عوامی سہولتوں کے لیے استعمال کرنے پر بھی کام کیا جا رہا ہے، جس سے سیاحت کے فروغ اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوسکیں گے۔

حکومت کے مطابق اکبری دروازے کی بحالی لاہور قلعے کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ اس کے ان حصوں کو دوبارہ عوامی رسائی میں لانے کی کوششوں کا حصہ ہے جو طویل عرصے سے بند یا غیر فعال ہیں۔

 



Source link

متعلقہ پوسٹ