پاکستان سمیت 18 ممالک کی غزہ میں اسرائیلی حملوں اور طبی مرکز پر بمباری کی مذمت

399915 1016044474


پاکستان سمیت 18 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں مریضوں اور طبی عملے کے ارکان جان سے گئے، جو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے گئے مشترکہ بیان پر پاکستان، مصر، سعودی عرب، ترکی، اردن، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، فلسطین، الجزائر، موریطانیہ، سوڈان، لیبیا، جبوتی، صومالیہ، لبنان اور عمان کے وزرائے خارجہ کے نام شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون طبی مراکز اور صحت کے شعبے سے وابستہ کارکنوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

وزرائے خارجہ نے فلسطینی شہریوں، خصوصاً بے گھر افراد کے خیموں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ان کے مطابق ایسے حملے غزہ میں جنگ بندی اور امن و استحکام کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے سے مطابقت نہیں رکھتے۔

مشترکہ بیان میں انسانی امداد، خیموں، عارضی گھروں اور طبی سامان کی فراہمی پر اسرائیلی پابندیوں پر بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔

بیان کے مطابق سردیوں کی آمد کے ساتھ غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

پناہ گاہوں کی کمی اور پانی، صفائی اور صحت کی سہولتوں کی بگڑتی صورت حال شہریوں، خصوصاً بچوں اور شیر خوار بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال رہی ہے۔

وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی برادری اور بورڈ آف پیس کی اپیلوں پر عمل کرتے ہوئے امداد کی فراہمی بڑھائے اور شرم الشیخ معاہدے، صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 (2025) کے تحت اپنی ذمہ داریاں فوری اور مکمل طور پر پوری کرے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل جنگ بندی برقرار رکھے، شہریوں اور طبی مراکز کا تحفظ کرے اور انسانی امداد کی محفوظ، مسلسل اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائے۔

اس میں پناہ گاہوں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے درکار سامان بھی شامل ہونا چاہیے

وزرائے خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی امداد فراہم کرنے والی تنظیموں کو بھی بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرنے دے۔

بیان میں کہا گیا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے کی ذمہ داریاں دستخط کے فوراً بعد نافذ ہونا تھیں، اس لیے اسرائیل کو انہیں مزید تاخیر یا سیاسی و سکیورٹی شرائط عائد کیے بغیر پورا کرنا چاہیے۔

انسانی امداد کی فراہمی کو منصوبے کے اگلے مراحل پر پیش رفت سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔

وزرائے خارجہ نے امریکہ اور بورڈ آف پیس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اپنے کردار کے مطابق اسرائیل سے ان وعدوں پر مکمل عمل درآمد اور انسانی امداد کی ترسیل پر عائد تمام پابندیاں ختم کرانے کے لیے کوششیں تیز کریں۔

بیان کے آخر میں وزرائے خارجہ نے جنگ بندی مستحکم کرنے، منصوبے کے تمام مراحل پر عمل درآمد اور فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی خاطر علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ