پاکستان ایندھن سبسڈی بتدریج ختم کرے: آئی ایم ایف

399914 508511151


بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایک ترجمان نے ہفتے کو اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کو اپنی ایندھن سبسڈی سکیم ’بتدریج ختم‘ کر دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں مستقبل میں کسی بھی حکومتی امداد کو محدود، وقت کی قید کے ساتھ اور رواں مالی سال کے بجٹ کے اندر ہی ایڈجسٹ کیا جانا چاہیے۔

پاکستان نے امریکہ اور ایران جنگ کے تناظر میں پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے کم آمدنی والے موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان کو بچانے کے لیے ستمبر میں ایندھن سبسڈی سکیم شروع کی تھی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

اس سکیم کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والوں کو ہفتہ وار 500 روپے مالیت کا پیٹرول ٹوکن فراہم کیا جاتا ہے جبکہ 800 سی سی تک انجن والی گاڑیوں کے مالکان کو ہر 10 دن بعد 10 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت ملتی ہے۔

پاکستان آئی ایم ایف کے سات ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) قرض پروگرام کی مدد سے معاشی استحکام سے ترقی کی جانب بڑھنے کے لیے کوشاں ہے۔

گذشتہ ماہ ایک بیان میں آئی ایم ایف نے اس ایندھن سبسڈی کی بھاری لاگت اور وسیع تر دائرہ کار کی وجہ سے اسے فوری طور پر بتدریج ختم کرنے کا واضح مطالبہ کیا تھا۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے عرب نیوز کو بتایا ’موجودہ جائزے کے تناظر میں، جیسا کہ سات اکتوبر کے سٹاف لیول معاہدے میں بیان کیا گیا ہے، ایندھن کی امدادی سکیم کے وسیع دائرہ کار کو دیکھتے ہوئے اسے بتدریج ختم کر دینا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’تیل کی قیمتوں میں غیر متوقع اضافے کی  صورت میں مستقبل میں دی جانے والی کوئی بھی ایندھن کی امداد محدود، وقت کی قید کے ساتھ، پہلے سے موجود سماجی امداد کے پروگراموں کے ذریعے صرف مستحق افراد تک محدود، اور مالی سال 27 کے بجٹ کے دائرے میں ہی رکھی جانی چاہیے۔‘

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور مشیر خزانہ خرم شہزاد نے آئی ایم ایف کے اس ردعمل پر تبصرے کے لیے عرب نیوز کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

دنیا بھر کے متعدد ممالک کی طرح پاکستان بھی فروری سے جاری امریکہ اور ایران جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مجبور ہوا۔

 پیٹرول کی قیمتیں تین اپریل کو ریکارڈ 458.41 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھیں، جو کشیدگی میں کمی کے بعد سے بتدریج کم ہو کر 330 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہیں۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے نشاندہی کی کہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستانی حکام نے اس بات کا عہد کر رکھا ہے کہ وہ مقامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں کو عالمی نرخوں کے مطابق طے ہونے دیں گے جبکہ آبادی کے سب سے زیادہ غیر محفوظ طبقے پر اس کے اثرات کو کم کریں گے۔

نمایاں رکاوٹ

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ نے عالمی بحری تجارتی راستوں کو متاثر کیا ہے، خاص طور پر تہران کی جانب سے سٹریٹجک تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے باعث۔

 اس صورت حال نے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی کے امکانات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ترجمان نے کہا:’ خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی درآمدات پر انحصار کے پیش نظر مشرق وسطیٰ کی جنگ پاکستان کے لیے ایک نمایاں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔‘

آئی ایم ایف عہدیدار نے کہا کہ تیل کی بلند قیمتوں نے اس جنوبی ایشیائی ملک میں پہلے ہی مقامی مہنگائی کے دباؤ کو بڑھا دیا ہے۔

 ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق اکتوبر میں صارفین کے لیے قیمتوں میں 9.6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس سے ایک ماہ قبل یہ شرح 10.3 فیصد تھی۔

 آئی ایم ایف عہدیدار نے خبردار کیا کہ ’مسلسل اتار چڑھاؤ معاشی منظر نامے پر بوجھ بن سکتا ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان نے کہا کہ عالمی معاشی جھٹکے کے جواب میں اسلام آباد کی پالیسی ترجیحات کا مرکز مجموعی معاشی استحکام برقرار رکھنا اور سرکاری مالیات کو مضبوط بنانے، مسابقت بڑھانے، پیداواری صلاحیت میں اضافے، سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کو آگے بڑھانا ہونا چاہیے۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد کو اپنے سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات کرنی چاہییں اور عوامی خدمات کی فراہمی اور توانائی کے شعبے کی پائیداری کو بہتر بنانا چاہیے۔

گذشتہ ماہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان کراچی اور اسلام آباد میں حکام کے ساتھ مذاکرات کے بعد سٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا۔ یہ معاہدہ اب فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کا منتظر ہے۔

منظوری کے بعد پاکستان کو ای ایف ایف کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (آر ایس ایف) کے تحت 21 کروڑ ڈالر ملیں گے، جس سے مجموعی طور پر جاری کی جانے والی رقم تقریباً 5.7 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

ترجمان نے کہا: ’پاکستان کے ای ایف ایف اور آر ایس ایف جائزے اور 2026 کی آرٹیکل فور مشاورت پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس دسمبر میں متوقع ہے جو پروگرام کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہے۔‘

انہوں نے ان شرائط کی وضاحت نہیں کی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ