گورنر خیبرپختونخوا کا صوبے میں سونے کی کانوں کی تمام لیزیں ختم کرنے کا اعلان

kp governor1794671367 0



خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام لیزیں معطل اور منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے کے اندر علاقے خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، بصورت دیگر ان کی مشینری ضبط کرلی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کو ایک ماہ مکمل ہوچکا ہے اور کوشش کریں گے کہ صوبے کو بہتری کی طرف لے کر جائیں، صوبے میں امن و امان کا قیام اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمارے وسائل پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور صوبے کے معدنی ذخائر کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں ماہانہ 90 کلوگرام سونا نکالا جا رہا تھا، جس سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جاتا تھا اور یہ رقم پاکستان مخالف سرگرمیوں اور دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کامیاب رہا، جس میں دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی اور تمام صوبوں کی نمائندگی بھی تھی، خیبرپختونخوا میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، تھوکول اور ریکوڈک سے بہتر معاہدہ خیبرپختونخوا میں کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ صوبے کے عوام کو ان کے وسائل کا حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 سال سے صوبے کے وسائل کو لوٹا جاتا رہا ہے، مائنز اینڈ منرلز کے معاملے پر بعض عناصر بلاوجہ پروپیگنڈا کر رہے ہیں حالانکہ صوبے کے وسائل کہیں منتقل نہیں کیے جا رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ہم اپنی کشتیاں جلا چکے ہیں اور شکست ہماری لغت میں نہیں ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اب صوبے میں سزا اور جزا کا نظام ہوگا، چاہے کوئی سیاسی شخصیت ہو یا غیر سیاسی، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا، اب ملک اور صوبہ نظریہ ضرورت کے تحت نہیں چل سکتا۔

کوہاٹ  واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علاقے میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن جاری تھا، غیر قانونی قبضہ ختم کرنے کے لیے کارروائی کرنے والے اہلکاروں کا دہشت گردوں سے سامنا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ مائننگ مافیا اور دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود تھا، جس کے نتیجے میں 10 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 18 دہشت گرد بھی ہلاک کیے گئے، پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے گروہ کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور شہید اہلکاروں کے ملزمان کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔

گورنر نے دعویٰ کیا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے ذریعے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا نکالا جا رہا تھا جبکہ اس کاروبار سے ہر ماہ تقریباً 4 ارب 20 کروڑ روپے حاصل کیے جا رہے تھے، اس غیر قانونی سرگرمی میں تقریباً 3 ہزار ایکسکیویٹرز، 1600 ڈمپرز اور 200 ہیوی لوڈرز استعمال ہو رہے تھے اور کان کنی کے کام سے تقریباً 49 ہزار افراد وابستہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کا تقریباً 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا اور یہ رقم پاکستان مخالف سرگرمیوں اور دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتی تھی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کو بھی کوہاٹ کی سونے کی کان کنی سے مالی وسائل فراہم کیے جا رہے تھے، افغان کمانڈرز مبینہ طور پر بھتہ وصول کرتے تھے، کان کنی کے لیے ایک یوتھ کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی جو بھتہ وصول کرتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف استعمال کی جا رہی تھی۔

فیصل کریم کنڈی نے غیر قانونی کان کنی میں 12 سیاسی شخصیات کے ملوث ہونے کا بھی الزام عائد کیا اور سابق صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، شہریار آفریدی، سینیٹر خرم ذیشان، امجد آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی سمیت دیگر افراد کے نام لیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی صوبائی حکومت اور طالبان کے درمیان بھی گٹھ جوڑ تھا، ان 12 افراد میں سے کسی کا نام تاحال ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا گیا بلکہ ان کے نام ابتدائی رپورٹ میں درج ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

گورنر نے اعلان کیا کہ شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جائے گی، جس میں پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار شامل ہوں گے، یہ ٹاسک فورس غیر قانونی مائننگ کی روک تھام اور نگرانی کے فرائض انجام دے گی اور تین ہفتوں کے اندر سونے کی کان کنی کے لیے نیا لائحہ عمل اور مستقل نظام وضع کیا جائے گا۔

انہوں نے کوہاٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جس کی سربراہی پشاور ہائی کورٹ کے سابق ریٹائرڈ جج کریں گے، کمیشن کوہاٹ واقعے کے محرکات، غیر قانونی مائننگ، اس کی پشت پناہی کرنے والے عناصر اور دہشت گردی سے مبینہ تعلقات کی تحقیقات کرے گا تاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

گولڈ مائننگ کی اجازت نہیں ہوگی

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سونے کی کان کنی سے متعلق تمام لیزیں معطل اور منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آج کے بعد کسی کو بھی گولڈ مائننگ کی اجازت نہیں ہوگی، تمام متعلقہ ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے کے اندر علاقے چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت کے بعد بھی کان کنی جاری رکھنے والوں کی مشینری ضبط کرلی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا، تاہم جو بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، خواہ اس کا تعلق سیاست، سرکاری محکمے یا کسی دوسرے ادارے سے ہو، اس کا بلاامتیاز احتساب ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے وسائل کو عوام کے خلاف استعمال کرنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے اور عوام کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔



Source link

متعلقہ پوسٹ