غزہ: جنوبی شہر خان یونس میں بے گھر خاندان کے خیمے میں رہنے والا 9 ماہ کا شیر خوار کنعان احمد رقیق شدید سردی کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ایک ڈاکٹر کے مطابق موت ہائپوتھرمیا، یعنی جسم کا درجہ حرارت خطرناک حد تک گر جانے، سے ہوئی۔
بچے کے والد احمد رقیق نے اے ایف پی کو بتایا کہ رات کو درجہ حرارت بہت گر گیا تھا۔ صبح آنکھ کھلی تو بچے کی جلد نیلی پڑ چکی تھی۔ وہ اسے لے کر ناصر اسپتال بھاگے، مگر بچہ پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ اسپتال کے باہر سفید چادر میں لپٹی لاش کے ساتھ کھڑے احمد نے کہا کہ وہ شدید صدمے میں ہیں۔ اے ایف پی سے گفتگو کرنے والے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر موت کی وجہ ہائپوتھرمیا بتائی۔ فلسطینی نیوز نیٹ ورک "القدس” کے مطابق غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بھی تصدیق کی کہ بچے کی موت شدید سردی کی وجہ سے ہوئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملوں کی اطلاعات جاری ہیں اور پناہ گاہوں کے سامان، ایندھن، ادویات اور دیگر بنیادی اشیاء کی شدید قلت ہے۔ سردیوں کے پیش نظر برطانیہ، قطر اور اردن کی قیادت میں 50 سے زائد ممالک اور تنظیموں کے اتحاد نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی ضروریات کی فراہمی پر پابندیاں ختم کی جائیں اور پناہ گاہوں کا سامان، ایندھن، صاف پانی، صفائی اور صحت کی اشیاء فوری طور پر غزہ میں داخل ہونے دی جائیں۔ اتحاد نے خبردار کیا کہ بڑی تعداد میں لوگ مناسب پناہ گاہوں سے محروم ہیں اور انہیں ہائپوتھرمیا، سانس کی بیماریوں اور آلودہ پانی سے پھیلنے والے امراض کا شدید خطرہ ہے، جبکہ بچے، شیر خوار، بزرگ اور بیمار سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
یہ مطالبہ امریکہ کی قیادت والے بورڈ آف پیس اور اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر کی جانب سے امدادی سامان پر اسرائیلی پابندیوں پر حالیہ تنقید کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔

