کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے سینئر سیاسی مشیر تنکو ظفرالعزیز نے اسلامی جماعت پاس (PAS) کے صدر عبد الہادی اوانگ کے ایک بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناانصافی، بدعنوانی اور ظلم کرنے والا مسلمان بھی ہو تو اس کے عمل کی سنگینی کم نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق حکمران کے اچھے یا برے ہونے کا فیصلہ مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ کردار، دیانت داری اور عوام کے ساتھ سلوک کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
14 نومبر کو جاری بیان میں ظفرالعزیز نے کہا کہ ایک مسلمان کی حیثیت سے ان کا یقین ہے کہ اسلام ہر ایک کے ساتھ انصاف کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی مسلمان اقتدار کا ناجائز استعمال کرے تو کیا صرف مسلمان ہونے سے اس کی غلطی کم ہو جاتی ہے، اور اگر کوئی غیر مسلم دیانت اور انصاف سے ذمہ داری نبھائے تو اس کی اچھائی کو مذہب کی وجہ سے کیوں نظر انداز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کو ناانصافی کے دفاع کا بہانہ نہ بنایا جائے، اور یاد دلایا کہ ملائیشیا مختلف نسلوں اور مذاہب کی مشترکہ محنت سے تعمیر ہوا ہے۔
یہ بیان عبد الہادی سے منسوب اس تبصرے کے جواب میں آیا جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ملک پر حکومت کرنے والا بدترین مسلمان حکمران بھی کسی غیر مسلم حکمران جتنا ظالم نہیں ہو سکتا۔ یہ بات انہوں نے ریاست ملاکا میں ریاستی انتخابات سے قبل ایک سیاسی جلسے میں کہی تھی۔ عبد الہادی کے دفتر نے اس تشریح کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیان سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا۔ دفتر کے مطابق تقریر میں اسلامی سیاست کے اس تصور کی وضاحت کی گئی تھی جس میں گناہ و ثواب کا احساس حکمرانی کی بنیاد بنتا ہے، تاکہ انصاف قائم ہو اور غیر مسلم برادریوں کے حقوق محفوظ رہیں۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ اور پاکاتن ہاراپن (PH) اتحاد کے سیکریٹری جنرل سیف الدین ناسوتیون اسماعیل نے بھی اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی عظمت دوسرے مذاہب کو کمتر دکھانے سے نہیں بلکہ انصاف، اچھے اخلاق، علم، دیانت اور مثالی قیادت سے قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے سورۃ المائدہ کی آیت 8 کا حوالہ دیا کہ کسی قوم کی دشمنی بھی انصاف سے نہیں روک سکتی۔ ان کے مطابق انتخابات امیدواروں اور جماعتوں کی کارکردگی، دیانت اور صلاحیت جانچنے کا موقع ہونے چاہئیں، نہ کہ نسلی و مذہبی خوف اور تعصب کو ہوا دینے کا ذریعہ۔
ملائیشیا کثیر نسلی اور کثیر مذہبی ملک ہے جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں اور چینی، ہندوستانی و دیگر برادریاں بھی آباد ہیں۔

