اسلام آباد — اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) نے ترکیہ کو کراچی میں ایک ہزار ایکڑ رقبے پر ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرتے ہوئے صنعتی پیداوار اور برآمدی شعبوں میں ترک سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کی اپریل 2025 میں پیش کردہ تجویز پر عمل درآمد کا حصہ ہے، جس کے تحت ترک کمپنیوں کو خصوصی صنعتی زون میں جدید سہولیات اور تجارتی اخراجات میں کمی فراہم کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ترکیہ کی بڑی صنعتی اور تجارتی کمپنیوں کے لیے سازگار مواقع پیدا کیے جائیں گے، تاکہ مشترکہ منصوبہ جات کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے برآمدی شعبے کو نئی سمت دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

