اسلام آباد — پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی کابینہ کی جانب سے چینی کی برآمد کے معاملے پر خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے ملکی زرمبادلہ بڑھانے کی سمت ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اس وقت چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور اضافی چینی کی بروقت برآمد سے پاکستان 500 ملین ڈالر تک کا قیمتی زرمبادلہ کما سکتا ہے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ برآمدی پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ عالمی منڈی میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی چینی کی برآمد کے حجم، شرائط اور طریقہ کار پر جلد سفارشات مرتب کرے گی۔

