
(24 ںیوز)اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ادارے نے پرائیویسی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر ٹیک جائنٹ میٹا پر 805 ملین یورو (جو پاکستانی روپے میں ساڑھے 24 ارب سے زائد بنتی ہے) کا انتہائی بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی اس انکشاف کے بعد کی گئی کہ میٹا فیس بک ایپ کے ایک مخصوص فیچر کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین کو پیشگی اطلاع دیے بغیر اور ان کی صریح رضامندی کے ان کی ذاتی گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز تک خفیہ رسائی حاصل کر رہا تھا۔
اطالوی ادارے نے اس سنگین خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے میٹا کو حکم دیا ہے کہ وہ اس متنازع فیچر کو فوری طور پر غیر فعال کرے اور صارفین سے باقاعدہ اجازت لینے کا عمل یقینی بنائے، جس کے لیے ادارے نے کمپنی کو 60 دن کی مہلت دی ہے۔
اگرچہ یہ جرمانہ میٹا کی مجموعی عالمی آمدنی کا تقریباً 0.47 فیصد بنتا ہے، تاہم کمپنی کی جانب سے تاحال اس فیصلے پر کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ اطالوی ادارے نے رواں برس 2026 میں متعارف کرائے جانے والے ایک نئے کلاؤڈ پراسیسنگ فیچر کا الگ سے تفصیلی جائزہ لینے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :شہری خبردار؛بائیومیٹرک ڈیٹا پر پی ٹی اے کا الرٹ جاری

