اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو ایرانی ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کے منصوبے سے متعلق امریکا کو خفیہ انٹیلی جنس معلومات فراہم کردی ہیں جس کے بعد امریکی حکام کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
اسرائیلی اخبار ’’اسرائیل ہیوم‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے مبینہ ایرانی منصوبے کی تفصیلات امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے حوالے کی ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی منصوبے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے اہم عہدیداروں کو ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
اسرائیلی انٹیلی جنس کی جانب سے خطرے سے آگاہ کیے جانے کے بعد امریکی حکام نے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کے متعدد اعلیٰ عہدیداروں کو ان کی رہائش گاہوں سے منتقل کرکے محفوظ فوجی تنصیبات میں ٹھہرایا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ حملے سے بچاؤ یقینی بنایا جاسکے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی عوامی مصروفیات محدود کردی ہیں۔ گالف کھیلنے کا طے شدہ پروگرام بھی منسوخ کردیا جبکہ ان کی بیرونی سرگرمیوں کے دوران سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے۔
اسرائیلی موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے واشنگٹن دورے اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم ان ملاقاتوں اور مبینہ ڈرون منصوبے کے درمیان براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے واشنگٹن کو ایرانی خطرات سے متعلق انٹیلی جنس فراہم کیے جانے کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان ایران سے متعلق پالیسی اور سکیورٹی تعاون کی اہمیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
اس سے قبل بھی اسرائیل کی جانب سے ٹرمپ کو نشانہ بنانے کے ایرانی منصوبوں سے متعلق انٹیلی جنس اطلاعات امریکا کو فراہم کیے جانے کی خبریں سامنے آچکی ہیں۔
تاہم اگست 2026 میں رائٹرز نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس ادارے اسرائیل کی فراہم کردہ بعض مخصوص دھمکیوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکے تھے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی صدر پر حملے کے مبینہ منصوبے کی تاحال آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ نہ ہی وائٹ ہاؤس، سی آئی اے یا ایرانی حکام نے اس تازہ مبینہ ڈرون منصوبے کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔

