پاکستان کی معدنی دولت، معاشی انقلاب کا نیا راستہ؟

2723442 sarwarmunirrao 1728766577


پاکستان کی معیشت ایک طویل عرصے سے قرضوں، تجارتی خسارے، محدود برآمدات اور بیرونی مالی معاونت کے چیلنجوں سے دوچار ہے۔ ہم کبھی آئی ایم ایف کے دروازے پر دستک دیتے ہیں، کبھی دوست ممالک سے مالی تعاون کی امید لگاتے ہیں اور کبھی بیرونی سرمایہ کاری کونجات کا ذریعہ قرار دیتے ہیں لیکن ایک بنیادی سوال ہمیشہ نظرانداز ہوتا رہا ہے کہ کیا ہم نے اپنے ملک کے قدرتی وسائل کو پوری طرح دریافت کرنے اور فایدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے؟

حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی سرزمین قدرتی معدنی دولت سے مالا مال ہے۔ جسے اگر دانش مندی سے استعمال کیا جائے تو پاکستان کی معاشی تقدیر بدل سکتی ہے۔ اسی تناظر میں اسلام آباد میں 12 اور 13 نومبر کو منعقد ہونے والا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 ایک اہم پیشرفت ہے۔

اس بین الاقوامی کانفرنس میں ساٹھ سے زائد ممالک کے نمائندوں، عالمی سرمایہ کاروں، معدنیات کے ماہرین اور بڑی بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران تیرہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان نے عالمی سرمایہ کاروں کو ملک کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور معدنی شعبے کو قومی معیشت کی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

بلوچستان کا صوبہ سونے، تانبے، لوہے، کرومائٹ، کوئلے اور دیگر قیمتی معدنیات کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ضلع چاغی میں ریکوڈک کا منصوبہ دنیا کے نمایاں تانبے اور سونے کے منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔

یہ منصوبہ صرف بلوچستان یا پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی معدنی صنعت کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔حالیہ کانفرنس میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی جانب سے چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تقریباً 35 کروڑ ٹن تانبے کی ممکنہ موجودگی کا تخمینہ سامنے آیا۔ یہ تخمینہ اب تک تجزیہ کیے گئے ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریباً نصف پر مبنی ہے، اس لیے اسے حتمی ثابت شدہ ذخیرہ قرار دینے کے بجائے ایک اہم ابتدائی ارضیاتی امکان سمجھنا چاہیے۔

نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے بھی چاغی میں تانبے اور سونے کی معدنی موجودگی کے حوالے سے اپنی دریافتوں اور تقریباً دس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان کیا۔یہ اعلانات یقیناً حوصلہ افزا ہیں لیکن ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ معدنی وسائل کی موجودگی اور ان سے تجارتی پیمانے پر پیداوار حاصل کرنے کے درمیان طویل فاصلہ ہوتا ہے۔

اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بھاری سرمایہ، بنیادی ڈھانچے، ماہر افرادی قوت اور مستقل پالیسیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

پاکستان کی معدنی دولت صرف بلوچستان تک محدود نہیں۔ پاکستان کے دوسرے صوبے اور علاقے بھی قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔ سندھ میں تھر کے کوئلے کے ذخائر پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پنجاب میں نمک، لوہے، جپسم، چونا پتھر، گرینائٹ اور دیگر معدنی وسائل موجود ہیں۔ چنیوٹ میں لوہے کے بڑے ذخائر کی نشاندہی بھی ہو چکی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کرومائٹ، ماربل، قیمتی پتھر اور دیگر معدنیات کی قابل ذکر صلاحیت موجود ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں یاقوت، ٹوپاز، ٹورمالین اور دیگر قیمتی پتھر پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا میں تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعتی ضروریات کے باعث تانبے، لیتھیم، اینٹی منی اور دیگر اہم معدنیات کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔

الیکٹرانک گاڑیوں، بیٹریوں، شمسی توانائی، جدید الیکٹرانکس اور دفاعی ٹیکنالوجی کی صنعتوں میں ان معدنیات کی ضرورت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ یہی وہ عالمی معاشی تبدیلی ہے جو پاکستان کے لیے ایک غیرمعمولی موقع پیدا کر سکتی ہے۔

اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم خام مال برآمد کرنے تک محدود رہیں گے؟ میرے نزدیک پاکستان کی معدنی پالیسی کا سب سے اہم پہلو یہ ہونا چاہیے کہ ہم صرف زمین سے معدنیات نکال کر بیرون ملک فروخت کرنے والے ملک نہ بنیں بلکہ دوسرے کئی معدنی ممالک کی طرح قدرتی وسائل سے فایدہ اٹھانے کے لیے مکمل صنعتی نظام قائم کریں۔

اگر ہم تانبے کی کان سے خام دھات نکال کر برآمد کر دیں تو اس سے حاصل ہونے والی آمدنی محدود ہوگی لیکن اگر پاکستان میں جدید ریفائنریاں، پراسیسنگ پلانٹس، دھات سازی کی صنعت اور متعلقہ صنعتی مراکز قائم کیے جائیں تو روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی، فنی تربیت، صنعتی ترقی اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حالیہ کانفرنس میں اس ضرورت پر زور دیا کہ پاکستان کو خام معدنیات کی برآمد سے آگے بڑھ کر مقامی پراسیسنگ اور ریفائننگ کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔ یہ ایک درست سمت ہے، جسے محض تقریروں کے بجائے عملی پالیسی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بھی ایک اہم چیلنج ہے۔ کان کنی کے منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول، جدید مواصلاتی نظام، بجلی، پانی، سڑکیں اور ریلوے کی سہولتیں ناگزیر ہیں۔ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ معدنی دولت صرف سرمایہ کاروں اور حکومتوں کی ملکیت کا معاملہ نہیں بلکہ اس سے مقامی آبادیوں کی زندگیوں میں بہتری آنی چاہیے۔بلوچستان اور دیگر معدنی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کے علاقوں میں ہونے والی معدنی ترقی ان کے اپنے مستقبل کی بہتری کا ذریعہ ہے۔

اگر کسی علاقے سے اربوں ڈالر کی معدنی دولت حاصل کی جائے لیکن وہاں کے لوگوں کو صاف پانی، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولتیں میسر نہ ہوں تو ایسی ترقی دیرپا نہیں ہو سکتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معدنی منصوبوں کے ساتھ مقامی آبادی کے لیے خصوصی ترقیاتی پروگرام منسلک کیے جائیں۔

نوجوانوں کو جدید فنی تربیت دی جائے، مقامی کاروبار کو فروغ دیا جائے اور کان کنی کے منصوبوں میں مقامی افراد کی ملازمت اور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔

حالیہ اسلام آباد کانفرنس میں نیشنل منرلز ڈیٹا سینیٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے جیو پورٹل کا آغاز بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ جدید ڈیجیٹل معلومات سے معدنی وسائل کی نشاندہی، تحقیق اور سرمایہ کاری کے فیصلوں میں مدد مل سکتی ہے لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اصل کامیابی کانفرنسوں کی تعداد، سرمایہ کاری کے اعلانات یا مفاہمتی یادداشتوں سے نہیں بلکہ عملی نتائج سے ناپی جائے گی۔

ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کتنے منصوبوں پر حقیقی کام شروع ہوتا ہے، کتنی سرمایہ کاری پاکستان آتی ہے، کتنی معدنیات کی مقامی سطح پر پراسیسنگ ہوتی ہے، کتنے نوجوانوں کو روزگار ملتا ہے اور ہماری برآمدات میں کتنا اضافہ ہوتا ہے۔

پاکستان کے لیے یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ دنیا اس وقت توانائی کی منتقلی، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے ایک نئے دور سے گزر رہی ہے۔ معدنی وسائل مستقبل کی عالمی معیشت میں غیرمعمولی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ پاکستان جغرافیائی محل وقوع، قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیت کے اعتبار سے اس عالمی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔

آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پاکستان کو قدرت نے وسائل کی کمی کا شکار نہیں بنایا بلکہ ہماری اصل آزمائش ان وسائل کو بروئے کار لانے کی صلاحیت ہے۔ زمین کے نیچے چھپا ہوا خزانہ اسی وقت قومی دولت بنے گا جب اسے دانش مندی، دیانت داری اور قومی مفاد کے تحت استعمال کیا جائے گا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ