سابق چیئرمین ڈیپارٹمنٹ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے دنیا کے مختلف خطے Super El Niño ’سپر ایل نینو‘ کے باعث ممکنہ بدلتے موسمی اثرات سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کہ رواں سال کے اختتام کے قریب ’ایل نینو‘ اپنی شدت کی بلند ترین سطح پر پہنچے گا تاہم اس کے اثرات طویل عرصہ تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ایل نینو موسمی کیفیت کی شدت میں اضافے کے ساتھ خشک سالی، سیلاب اور فصلوں کے نقصان کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ نہ صرف اگلی فصل کو محفوظ بنانے اور غذائی تحفظ برقرار رکھنے بلکہ ایسے مستقبل کی تیاری کا موقع بھی ہوں گے جس میں موسم مزید غیر یقینی ہو سکتا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اعلیٰ سطحی میٹنگز کے دوران موسمیاتی تبدیلی نمایاں موضوع رہی جس میں خشک سالی، سیلاب، شدید گرمی، سطح سمندر میں اضافہ اور خوراک و پانی پر بڑھتا ہوا دباؤ زیربحث آئے۔ ایل نینو ان تمام خطرات کی شدت میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
’سپر ایل نینو‘ موسمی کیفیت بحرالکاہل کے استوائی خطے میں جنم لیتی ہے لیکن اس کی شدت میں اضافہ بارش کے نظام اور حدت کو اس انداز میں تبدیل کر سکتا ہے جس سے دنیا کے کئی خطوں میں فصلوں اور غذائی رسد پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ماحولیاتی امور کے سربراہ کاوے زاہدی نے بتایا کہ ال نینو بہت زیادہ گرم موسمی پس منظر میں تشکیل پا رہا ہے۔ اس کا مطلب فصلوں کی مکمل تباہی، مویشیوں کے لیے مناسب چراگاہوں کی کمی اور سنگین غذائی بحران بھی ہو سکتا ہے۔
بعض دوسری آفات کے برعکس، ال نینو کی آمد کے آثار پہلے ہی ظاہر ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ سائنس دان بحرالکاہل میں اس کی تشکیل اور پیش رفت پر نظر رکھ سکتے ہیں جس سے حکومتوں کو تیاری کے لیے قیمتی وقت مل جاتا ہے بشرطیکہ ان کے پاس اس مقصد کے لیے وسائل اور بروقت اقدامات کا عزم موجود ہو۔ عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او)کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متوقع طور پر یہ ال نینو بہت شدید ہو گا اور اس سے زیادہ شدید درجے کی کوئی درجہ بندی ادارے کے پاس موجود نہیں ہے۔ توقع ہے کہ سال کے اختتام کے قریب یہ اپنی شدت کی بلند ترین سطح پر پہنچے گا تاہم اس کے اثرات طویل عرصہ تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ ایف اے او کے کاوے زاہدی کا کہنا ہے کہ ال نینو فصلوں کی مکمل تباہی، مویشیوں کے لیے مناسب چراگاہوں کی کمی اور سنگین غذائی بحران کا سبب بھی ہو سکتا ہے۔
‘ڈبلیو ایم او’ کی سیکرٹری جنرل سیلیسٹ ساؤلو کا کہنا ہے کہ ادارے کے پاس ال نینو کے حوالے سے پیش گوئی کا انتظام اور سائنسی معلومات موجود ہیں جن کی بدولت حکومتیں اب آفات وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی ان سے لاحق ممکنہ خطرات کے بارے میں کہیں زیادہ جانتی ہیں۔
کاوے زاہدی کا کہنا ہے کہ دونوں طرح کی معلومات کو یکجا کر کے کافی حد تک واضح اندازہ ہو جاتا ہے کہ ال نینو کے بڑے اثرات کہاں مرتب ہوں گے اور وہ خوراک اور غذائی تحفظ کو کس طرح متاثر کریں گے۔
‘ایف اے او’ کے مطابق، حالیہ ال نینو کے باعث افریقہ کے جنوبی علاقوں، ساحلی خطے، وسطی امریکہ کے خشک خطوں اور جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا کے بعض حصوں میں زرعی خشک سالی کا خطرہ کہیں زیادہ ہے۔ بعض دوسرے علاقوں میں شدید بارشیں اور سیلاب زیادہ بڑا خطرہ بن سکتے ہیں جبکہ غیر معمولی طور پر گرم سمندری پانی ماہی گیری اور ساحلی آبادیوں کے روزگار کو متاثر کر سکتا ہے۔
2023 اور 2024 میں آنے والے شدید ال نینو کے دوران گرمی اور خشک سالی کے باعث مراکش میں اناج کی پیداوار میں 43 فیصد کمی واقع ہوئی۔ افریقہ کے جنوبی ممالک کو ایک صدی سے زیادہ عرصہ کی بدترین خشک سالی کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں 6 کروڑ 10 لاکھ افراد کو امداد کی ضرورت پیش آئی اور 80 لاکھ سے زیادہ لوگ غذائی عدم تحفظ کا شکار ہوئے۔ کمزور فصلوں نے دنیا بھر میں بعض بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا۔
ال نینو کے اثرات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے بعض اقدامات بظاہر بہت سادہ ہیں جیسا کہ خشک سالی برداشت کرنے والے بیج، پانی ذخیرہ کرنے کے بہتر انتظامات، صحت مند زمین، مویشیوں کا تحفظ اور ایسے بروقت انتباہی نظام جو کسانوں تک اتنا جلد پہنچیں کہ وہ کاشت کا وقت یا فصل تبدیل کر سکیں۔ کاوے زاہدی کہتے ہیں کہ آئندہ فصل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات فروری اور مارچ تک مکمل کر لینا چاہییں۔ ’ایف اے او‘ کے مطابق، ال نینو کے لیے تیاری دراصل مختصر مدت میں موسمیاتی موافقت کی ہی ایک شکل ہے۔ تاہم زرعی و غذائی نظام کے لیے دستیاب مالی وسائل مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ 2024 میں ان کے لیے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ترقیاتی مالی معاونت میں 10 فیصد کمی آئی جو 26.9 ارب ڈالر رہ گئی۔ فصلوں، مویشیوں، جنگلات اور ماہی گیری کے شعبوں کو مجموعی موسمیاتی ترقیاتی مالی معاونت کا صرف تقریباً پانچ فیصد ملا۔ افریقہ میں یہ مالی معاونت 20 فیصد کم ہوئی جبکہ پورے براعظم کے لیے مجموعی موسمیاتی مالی معاونت میں اضافہ ہوا تھا۔ ال نینو کے باعث دنیا کے مختلف خطوں میں شدید خشک سالی، تباہ کن سیلاب اور سخت گرمی کی لہریں آنے کا خدشہ ہے۔کاوے زاہدی کہتے ہیں کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خاص طور پر ال نینو کے سال میں اس سرمایہ کاری کو بڑھانا ہو گا۔
‘ایف اے او’ نے واضح کیا ہے کہ ال نینو کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سرمایہ کاری صرف زراعت کو موسمیاتی دھچکوں سے محفوظ بنانے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ خود زراعت کو بھی مسئلے کے حل کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔دیکھا جائے تو دنیا کے نقشے پر بحرالکاہل ایک وسیع نیلے سمندر کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا مگر اسی سمندر کی سطح کے نیچے چھپی ہوئی حرارت کبھی پوری دنیا کے موسموں کا مزاج بدل دیتی ہے۔ بظاہر ایک خطے میں رونما ہونے والی سمندری تبدیلی ہزاروں کلومیٹر دور واقع براعظموں میں بارش، خشک سالی، درجہ حرارت، برف باری، طوفانی سرگرمی اور زرعی حالات پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ’’ایل نینو‘‘ محض ایک موسمی اصطلاح نہیں رہتا بلکہ کرہ ارض کے باہم مربوط آب و ہوا کے نظام کی ایک اہم علامت بن جاتا ہے۔2026 کا سال اس اعتبار سے غیرمعمولی اہمیت اختیار کرچکا ہے کہ بحرالکاہل کے استوائی مشرقی اور وسطی حصے میں سمندر کی سطح کے درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ مسلسل مضبوط ہورہا ہے۔ امریکی قومی سمندری و فضائی انتظامیہ، یعنی این او اے اے، کے 10 ستمبر 2026 کے تشخیصی جائزے کے مطابق مشرقی استوائی بحرالکاہل میں سطحی سمندری درجہ حرارت کا معمول سے انحراف بعض علاقوں میں +3.0°C سے بھی تجاوز کرچکا تھا۔ یہ اعداد و شمار محض چند اعشاریے نہیں ان کے پیچھے ایک پیچیدہ سمندری و فضائی نظام حرکت میں ہے۔ بحرالکاہل کی سطح کے نیچے بھی غیر معمولی حرارت جمع ہے اور بعض گہرائیوں پر زیرِسطح پانی کے درجہ حرارت کا معمول سے انحراف +10.0°C سے زیادہ دیکھا گیا ہے۔ یہاں ایک اہم سائنسی وضاحت ضروری ہے: +10.0°C پانی کا مطلق درجہ حرارت نہیں بلکہ معمول کے مقابلے میں درجہ حرارت کا غیر معمولی انحراف ہے۔ یہی زیرِسطح حرارت آنے والے مہینوں میں سطحی سمندر کے رویے کو متاثر کرسکتی ہے۔این او اے اے کے مطابق سمندر اور فضا دونوں میں ایسی تبدیلیاں دکھائی دے رہی ہیں جو شدید ہوتے ہوئے ایل نینو سے مطابقت رکھتی ہیں۔ استوائی بحرالکاہل کے بعض حصوں میں ہواوں کی تبدیلیاں، وسطی و مشرقی بحرالکاہل میں بادلوں اور بارش کی سرگرمی میں اضافہ اور انڈونیشیا کے اوپر بادلوں کی سرگرمی میں کمی اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ معاملہ صرف گرم سمندری پانی تک محدود نہیں بلکہ سمندر اور فضا ایک دوسرے کے ساتھ مربوط انداز میں ردعمل دے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 2026-27 کا موجودہ ایل نینو معمول کے ایک موسمی مرحلے سے بڑھ کر عالمی سائنسی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ این او اے اے نے 10 ستمبر کو کہا کہ شمالی نصف کرہ ارض کے خزاں اور موسمِ سرما 2026-27 کے دوران ’’بہت مضبوط‘‘ ایل نینو کے امکانات 90 فیصد سے زیادہ ہیں۔
این او اے کے مطابق اگر اکتوبر، نومبر اور دسمبر 2026 کے تین ماہ کا آر او این آئی +2.5°C یا اس سے زیادہ رہا تو یہ 1950 کے بعد ریکارڈ کیے گئے سابقہ ایل نینو واقعات کے مقابلے میں انتہائی شدید واقعہ شمار ہوگا۔ 17 ستمبر 2026 کو جاری ہونے والے این او اے اے کے تازہ موسمی جائزے نے اس تصویر کو مزید واضح کیا۔ اس کے مطابق ایل نینو موجود ہے اور مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔یہی وہ مرحلہ ہے جہاں ’’سپر ایل نینو‘‘ کی اصطلاح عوامی اور صحافتی گفتگو میں سامنے آتی ہے۔اس صورتِ حال کی اہمیت صرف بحرالکاہل تک محدود نہیں۔ ایل نینو ایک عالمی سطح پر مربوط موسمیاتی نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس کے اثرات کہیں زیادہ بارش، کہیں خشک سالی، کہیں غیر معمولی گرمی اور کہیں سمندری و فضائی طوفانی سرگرمی کی صورت میں سامنے آسکتے ہیں۔ لیکن یہاں ایک اور احتیاط ضروری ہے: کسی مضبوط ایل نینو کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا کے ہر خطے میں لازماً ایک ہی قسم کا موسم پیدا ہوگا۔ اثرات کا انحصار جغرافیہ، موسم کے مرحلے، دیگر سمندری و فضائی عوامل اور مقامی موسمیاتی حالات پر ہوتا ہے۔ خود این او اے اے بھی واضح کرتا ہے کہ ایل نینو کی شدت اور کسی مخصوص علاقے پر اس کے اثرات کی شدت ایک ہی چیز نہیں اور مضبوط واقعہ بھی کسی مخصوص اثر کی ضمانت نہیں دیتا۔
یوں 2026-27 کا اصل سوال صرف یہ نہیں کہ ’’ایل نینو کتنا شدید ہوگا؟‘‘ بلکہ یہ بھی ہے کہ اس کی سمندری حرارت، فضائی گردش اور دیگر موسمیاتی عوامل کے ساتھ باہمی تعامل کس طرح دنیا کے مختلف خطوں میں موسم کا نقشہ تشکیل دے گا۔ یہی وہ سوال ہے جس کے جواب کے لیے سائنس دان محض سطح سمندر کو نہیں بلکہ سمندر کی گہرائی، ہواوں، بادلوں، دباو، بارش اور عالمی سمندری گردش کے متعدد اشاریوں کو ایک ساتھ دیکھ رہے ہیں۔
بحرالکاہل کے اس بدلتے ہوئے منظرنامے کو سمجھنے کے لیے صرف موجودہ اعداد وشمار کافی نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ یہ حرارت آئندہ مہینوں میں کہاں تک جائے گی۔ فضا کے بڑے پیمانے پر گردش کرنے والے نظاموں کو کس طرح متاثر کرے گی اور مختلف خطوں میں اس کے اثرات کس شکل میں ظاہر ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی موسمیاتی مراکز مسلسل نئے مشاہدات کو اپنے پیش گوئی کے ماڈلز میں شامل کررہے ہیں۔8 ستمبر 2026 کو امریکی قومی سمندری و فضائی انتظامیہ کی جیوفزیکل فلوئڈ ڈائنامکس لیبارٹری نے ستمبر کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے تجرباتی ماڈل میں ایل نینو کی متوقع بلند ترین شدت گزشتہ ماہ کے اندازے کے مقابلے میں قدرے کم دکھائی دی تاہم موسمِ خزاں کے آخری حصے اور موسمِ سرما کے آغاز میں تاریخی طور پر مضبوط ایل نینو کے بارے میں اندازہ قابل اعتبار رہا۔ اس ماڈل کے تمام 30 پیش گوئی کرنے والے ارکان نے موجودہ مشاہدات کو تاریخی سطح پر شدید مشاہدات کے مقابلے میں انتہائی طاقتور سطح تک پہنچنے یا ان کے برابر جانے کی سمت میں دکھایا۔
یہاں ’’تمام 30 ارکان‘‘ کی اہمیت یہ ہے کہ موسمیاتی پیش گوئی واحد اور قطعی نہیں ہوتی۔ این او اے اے کے 17 ستمبر کے موسمی جائزے میں بھی یہی احتیاط نمایاں ہے۔ اس نے واضح کیا کہ مضبوط ایل نینو کے باعث ایل نینو سے مطابقت رکھنے والے موسمی اثرات کے امکانات بڑھتے ہیں، مگر ان کی ضمانت نہیں ہوتی۔ اسی لیے شمالی امریکا کے مختلف علاقوں کے لیے درجہ حرارت اور بارش کے امکانات الگ الگ بیان کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے لیے یہ سوال اس لیے بھی اہم ہے کہ ملک کا زرعی، آبی اور معاشی نظام موسمی بارشوں سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ بالخصوص دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف پگھلنے کے نظام میں ہونے والی تبدیلیاں پانی کی دستیابی پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ تاہم کسی مخصوص سال میں پاکستان کی بارش، سیلاب یا خشک سالی کو صرف ایل نینو سے براہِ راست منسوب کرنا سائنسی طور پر محتاط طرزِعمل نہیں ہوگا۔ ایل نینو ایک اہم عالمی عامل ہوسکتا ہے، مگر مقامی اور علاقائی موسمیاتی عوامل بھی نتیجے کو بدل سکتے ہیں۔
اسی طرح کراچی جیسے ساحلی شہر کے بارے میں بھی یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ موجودہ ایل نینو لازماً کسی ایک مخصوص درجہ حرارت، بارش یا شہری موسمی واقعے کا سبب بنے گا۔ کراچی کا موسم بحیرہ عرب، مقامی ہواوں، سمندری سطح کے درجہ حرارت، مغربی ہواوں کے نظام اور علاقائی فضائی گردش سمیت متعدد عوامل سے تشکیل پاتا ہے۔ ایل نینو اس بڑے نظام کے ایک حصے کو متاثر کر سکتا ہے، لیکن کسی مخصوص مقامی نتیجے کی پیش گوئی کے لیے علاقائی موسمیاتی ماڈلز اور تازہ مشاہدات ضروری ہیں۔
یہی احتیاط دنیا کے دوسرے خطوں کے لیے بھی ضروری ہے۔ ماضی کے بڑے ایل نینو واقعات، مثلاً 1982-83، 1997-98 اور 2015-16، نے دنیا کے مختلف حصوں میں نمایاں موسمیاتی اثرات پیدا کیے، لیکن ہر واقعہ اپنی مخصوص سمندری و فضائی کیفیت کے باعث دوسرے سے مختلف بھی رہا۔ موجودہ 2026-27 کی صورتحال کا تقابل کو ماضی کے واقعات سے کرنا مفید ہے، مگر اسے عین ان جیسا قرار دے دینا درست نہیں۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ ستمبر 2026 کی سائنسی پیش گوئی میں خود ماڈلز کے اندر معمولی تبدیلیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ جیو فزیکل فلوئڈ ڈائنامکس لیبارٹری کے مطابق ستمبر کے ماڈل میں ایل نینو کی بلند ترین متوقع شدت گزشتہ ماہ کے مقابلے میں قدرے کم ہوئی، لیکن اس کے باوجود تاریخی طور پر مضبوط واقعے کے امکانات برقرار رہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ’’ریکارڈ ٹوٹنا‘‘ ابھی ایک یقینی مشاہدہ نہیں بلکہ ایک مضبوط پیش گوئی کا امکان ہے۔
بحرالکاہل کی سطح بظاہر خاموش ہوسکتی ہے، مگر اس کی تہوں میں موجود غیر معمولی حرارت، فضا میں بدلتی ہوئی ہوائیں اور بادلوں کی حرکت ایک ایسے موسمیاتی عمل کی تشکیل کررہی ہے جس کے اثرات آنے والے مہینوں میں دنیا کے مختلف حصوں میں محسوس ہوسکتے ہیں۔
اس مرحلے پر ایک اور اہم پہلو قابلِ غور ہے: ایل نینو صرف موسم کا مسئلہ نہیں، بلکہ پانی، خوراک، توانائی اور معیشت کا بھی مسئلہ بن سکتا ہے۔ اگر کسی خطے میں بارش کے معمول میں نمایاں تبدیلی آتی ہے تو اس کا اثر فصلوں کی پیداوار پر پڑسکتا ہے؛ اگر کہیں خشک سالی بڑھتی ہے تو آب پاشی اور پینے کے پانی کے ذخائر دباو میں آسکتے ہیں؛ اور اگر کسی دوسرے خطے میں غیرمعمولی بارش ہوتی ہے تو سیلابی خطرات، بنیادی ڈھانچے اور شہری نظام متاثر ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے عالمی موسمیاتی ادارے نے ستمبر 2026 میں اس بات پر زور دیا کہ ایل نینو فروری 2027 تک برقرار رہنے کے تقریباً 100 فیصد امکان کے ساتھ سال کے اختتام تک بہت مضبوط شدت اختیار کرسکتا ہے۔
ایل نینو دراصل سمندر اور فضا کے درمیان ایک باہمی تعامل ہے۔ اگر سمندر گرم ہو اور فضا اس تبدیلی کا جواب نہ دے تو معاملہ روایتی ایل نینو کی مکمل شکل اختیار نہیں کرتا۔ لیکن جب گرم سمندری سطح کے ساتھ ادل بدل کرتی ہواوں میں تبدیلی، فضائی دباو کے نمونوں میں فرق، بادلوں اور بارش کی سرگرمی میں تبدیلی بھی شامل ہوجائے تو سمندر اور فضا ایک دوسرے کو تقویت دینے لگتے ہیں۔ یہی باہمی تقویت ایل نینو کے بڑھنے کی بنیادی محرکات میں شمار ہوتی ہے۔
عالمی موسمیاتی ادارہ واضح کرتا ہے کہ ایل نینو عموماً عالمی اوسط درجہ حرارت پر عارضی اضافی اثر ڈالتا ہے، کیونکہ بحرالکاہل کی گرم سطح سمندر اور فضا کے درمیان توانائی اور نمی کے تبادلے کو بدل دیتی ہے۔ تاہم یہ طویل مدتی انسان کی پیدا کردہ عالمی حدت کا متبادل یا واحد سبب نہیں۔ دونوں مظاہر ایک ہی نظام میں کام کرتے ہیں اور ایک مضبوط ایل نینو پہلے سے گرم ہوتی ہوئی دنیا میں بعض شدید گرم واقعات کے امکانات کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ یہی نکتہ 2024 کے تجربے سے بھی سمجھا جاسکتا ہے۔ عالمی موسمیاتی ادارے کے مطابق 2023-24 کا مضبوط ایل نینو عالمی درجہ حرارت پر عارضی اضافی اثر ڈالنے والے عوامل میں شامل تھا اور انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی طویل مدتی حدت کے ساتھ مل کر 2024 کے غیرمعمولی عالمی درجہ حرارت میں کردار ادا کرتا رہا۔ اس تاریخی تجربے کی روشنی میں 2026-27 کے واقعے کی نگرانی اس لیے بھی اہم ہے کہ اگر ایل نینو بہت مضبوط سطح تک پہنچتا ہے تو عالمی حرارتی ریکارڈ اور شدید گرمی کے واقعات کے تناظر میں اس کے اثرات کا الگ سے جائزہ لینا ہوگا۔
سائنس ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے کہ ایک واقعے کو دوسرے واقعے کی مکمل نقل سمجھنا خطرناک ہوسکتا ہے۔ ہر ایل نینو کی پیدائش، اس کی سمندری ساخت، فضائی گردش، شدت، دورانیہ اور اختتام کا طریقہ مختلف ہوسکتا ہے۔
زرعی معیشتوں کے لیے موسمی پیش گوئی اس لیے اہم ہوتی جارہی ہے کہ کسان محض بارش کے آنے یا نہ آنے پر منحصر نہیں رہنا چاہتے بلکہ انہیں پہلے سے یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ موسم کا عمومی رجحان کس سمت جا سکتا ہے۔ بیج بونے کا وقت، فصل کا انتخاب، آب پاشی کی منصوبہ بندی، پانی کے ذخائر کا انتظام اور شدید موسمی واقعات سے بچاو سبھی بہتر پیش گوئی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اسی طرح حکومتوں کے لیے بھی موسمیاتی معلومات محض سائنسی رپورٹ نہیں بلکہ منصوبہ بندی کا بنیادی ذریعہ بن سکتی ہیں۔
پانی کے حوالے سے پاکستان کی حساسیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ملک کے بڑے دریائی نظام کا تعلق برفانی ذخائر، بارش اور موسمی بہاو سے ہے۔ اگر مختلف موسمی عوامل ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بارش یا درجہ حرارت کے نمونے تبدیل کر دیں تو پانی کی دستیابی کا وقت اور مقدار دونوں متاثر ہوسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایل نینو جیسے عالمی مظہر کو پاکستان کے لیے کسی ایک قطعی پیش گوئی کے بجائے خطرات اور امکانات کے وسیع تر فریم میں دیکھنا زیادہ مناسب ہے۔
ایل نینو کے حوالے سے ایک اور اہم سوال یہ ہے کہ کیا موجودہ واقعہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑے عالمی تناظر سے الگ ہے؟ یہاں بھی جواب سادہ نہیں۔ ایل نینو ایک قدرتی سمندری و فضائی مظہر ہے، جب کہ عالمی درجہ حرارت میں طویل مدتی اضافہ ایک الگ موسمیاتی عمل ہے۔ تاہم دونوں ایک ہی سیاروی نظام میں وقوع پذیر ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے اثرات کے مشاہدے کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔ کسی ایک ایل نینو کو عالمی حدت کا واحد نتیجہ قرار دینا درست نہیں، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ گرم تر دنیا میں شدید گرم موسمی واقعات کے مجموعی اثرات زیادہ سنگین ہوسکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ 2026-27 کا واقعہ صرف ایک موسمی خبر نہیں بلکہ عالمی موسمیاتی نظام کی پیچیدگی کو سمجھنے کا ایک موقع بھی ہے۔ سائنس دان اس واقعے کو نہ صرف موجودہ موسم کی پیش گوئی کے لیے دیکھ رہے ہیں بلکہ اس لیے بھی دیکھ رہے ہیں کہ سمندر اور فضا کے درمیان توانائی کا تبادلہ کس طرح ہوتا ہے، عالمی گردش کس طرح ردعمل دیتی ہے اور مختلف خطوں میں اس کے اثرات کس طرح پھیلتے ہیں۔
یہ سوال بھی اہم ہے کہ اگر موجودہ ایل نینو واقعی تاریخی شدت تک پہنچتا ہے تو دنیا کو اس سے کیا سیکھنا چاہیے؟ شاید سب سے بڑا سبق یہ ہوگا کہ موسمیاتی خطرات کو واقعے کے بعد سمجھنے کے بجائے پہلے سے سمجھنا ضروری ہے۔ سیلاب آنے کے بعد بند باندھنے کے بجائے خطرے کی پیشگی نقشہ بندی، خشک سالی کے بعد پانی تلاش کرنے کے بجائے ذخائر کی منصوبہ بندی، فصلوں کے نقصان کے بعد امداد دینے کے بجائے پہلے سے زرعی حکمتِ عملی بنانا زیادہ موثر راستہ ہے۔
اسی طرح شہری منصوبہ بندی بھی موسمیاتی پیش گوئی سے الگ نہیں رہ سکتی۔ ساحلی شہر، بڑے دریا کے کنارے آباد علاقے، پہاڑی وادیوں میں واقع بستیاں اور خشک سالی سے متاثر ہونے والے خطے ہر ایک کو اپنے مخصوص موسمی خطرات کے مطابق منصوبہ بندی درکار ہے۔ کراچی ہو یا لاہور، سندھ کا دریائی علاقہ ہو یا شمالی پہاڑی خطہ، موسمیاتی معلومات کو شہری اور معاشی منصوبہ بندی کا حصہ بنانا آنے والے برسوں میں مزید اہم ہوسکتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں سائنسی معلومات کو عملی حکمتِ عملی میں تبدیل کرنے کی ضرورت پیدا ہوتی ہے۔ عالمی موسمیاتی ادارہ بھی زور دیتا ہے کہ موسمیاتی پیش گوئی کا اصل مقصد محض مستقبل کے موسم کی خبر دینا نہیں بلکہ حکومتوں، انسانی امدادی اداروں، زراعت، صحت، پانی اور توانائی کے شعبوں کو پہلے سے تیاری کا موقع دینا ہے۔ اگر پیش گوئی میں کسی شدید موسمی خطرے کا امکان بڑھ رہا ہو تو اس اطلاع کو بروقت مقامی منصوبہ بندی تک پہنچانا ہی ابتدائی انتباہی نظام کی اصل کامیابی ہے۔ اس اعتبار سے 2026-27 کا ایل نینو ایک سائنسی امتحان کے ساتھ ساتھ انتظامی امتحان بھی ہے۔ کیا دنیا اپنے پاس موجود سائنسی معلومات کو بر وقت فیصلوں میں تبدیل کرسکے گی؟ کیا پانی کے ذخائر، زرعی منصوبہ بندی، شہری نکاسی آب، صحت عامہ اور توانائی کے نظام ممکنہ موسمی تغیرات کے لیے پہلے سے تیار کیے جاسکیں گے؟ یہ سوال صرف ماہرینِ موسمیات کے نہیں بلکہ ریاستی اداروں، معیشت دانوں، زرعی ماہرین، شہری منصوبہ سازوں اور عام معاشرے کے بھی ہیں۔

