غیرمحتاط الزام تراشی انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، صدر و وزیراعظم

صدر اور وزیراعظم.webp


غیرمحتاط الزام تراشی انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، صدر و وزیراعظم

‘پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ملکر انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے’

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات جاری کیے ہیں۔

صدر آصف زرداری نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ اسلام ہمدردی، انصاف اور انسانی وقار کے احترام کا درس دیتا ہے، یہی اقدار قائداعظم کے تصور میں بھی واضح طور پر عیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہری قانون کی نظرمیں برابراورقانون کے مساوی تحفظ کے حق دار ہیں، ہرعبادت گزار کو اپنی عبادت گاہ میں تحفظ کا احساس ہونا چاہیے، روادای زبان، ثقافت، عقیدے اور سیاسی رائے کے اختلافات کا احترام کرنے کا بھی تقاضا کرتی ہے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ جمہوریت میں عدم اتفاق کا جواب دلیل اور مکالمے سے دیا جانا چاہیے، والدین اور اساتذہ کی خصوصی ذمے داری ہے وہ بچوں میں ہمدردی کا جذبہ پیداکریں، ہمارے نوجوانوں کوآن لائن سرگرمیوں میں بھی اسی احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے، غیرمحتاط الزام تراشی یا نفرت انگیز پیغام انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے بھی برداشت کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ملکر انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، اختلافات کے باوجود دوسروں کے نظریات کے احترام کا جذبہ برداشت کا اصل مفہوم ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات صبر وبرداشت، ہمدردی، عدل وانصاف اور احترام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں، قومی کمیشن حقوق اقلیت ایکٹ 2025کا نفاذ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، باہمی افہام وتفہیم کوفروغ اورنفرت وتشدد کے خلاف اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ