مس یونیورس مقابلے کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر منتظمین نے ایک نیا اور بیش قیمت تاج متعارف کرادیا ہے، جس میں 3 ہزار 150 ہیرے جڑے ہیں۔
’دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی‘ کے نام سے تیار کردہ یہ تاج پورٹو ریکو کے علاقے پلازا لاس امریکاز میں واقع ’دی مس یونیورس ایکسپیرینس‘ کے موقع پر پیش کیا گیا۔ اس کی رونمائی 24 نومبر کو ہونے والے گرینڈ فائنل سے قبل کی گئی۔
معروف جیولری ڈیزائنر جارج وِٹیلز نے پیرس کے زیورات کے ادارے میزون ڈی اور کے اشتراک سے یہ تاج تیار کیا ہے۔ 18 قیراط سفید سونے سے بنے اس تاج میں 3 ہزار 150 چمک دار تراشے ہوئے ہیرے جڑے ہیں۔
تاج کا ڈیزائن مس یونیورس کے 75 سالہ سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ اس میں نمایاں تین ہیرے مقابلے کے ماضی، حال اور مستقبل کی علامت ہیں۔ بائیں جانب موجود ہیرا ان خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے رکاوٹیں عبور کرکے اس مقابلے کی تاریخ تشکیل دی۔ دائیں جانب کا ہیرا ان خواتین کی نمائندگی کرتا ہے جو آج اپنے معاشروں میں مثبت تبدیلی کے لیے کام کررہی ہیں، جبکہ درمیان میں نصب ہیرا آنے والی نسلوں کی علامت ہے جو اس ورثے کو آگے بڑھائیں گی۔
View this post on Instagram
مس یونیورس آرگنائزیشن کے مطابق یہ تاج ان تمام خواتین کی خدمات کا اعتراف ہے جو اس مقابلے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں اور دنیا بھر میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔
مس یونیورس کا 75 واں گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں واقع کولیزیو ڈی پورٹو ریکو خوسے میگوئل اگرلوٹ میں منعقد ہوگا۔ اس مقابلے میں دنیا بھر سے 100 سے زائد امیدوار شرکت کررہی ہیں، جبکہ نئی فاتح کو ہیروں سے سجا خصوصی تاج پہنایا جائے گا۔
Source link

