صوبے پورے ملک میں لیکن خون ریزی صرف کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں کیوں؟ ترجمان ایم کیو ایم

ایم کیو ایم پاکستان.webp


صوبے پورے ملک میں لیکن خون ریزی صرف کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں کیوں؟ ترجمان ایم کیو ایم

زرداری خاندان کے چشم و چراغ حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں، ترجمان

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں نئے صوبوں کی بات پر خونریزی کا خدشہ کیوں ظاہر نہیں کیا جاتا، جبکہ یہ خطرہ صرف کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے لیے کیوں ہے؟

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو کے اعترافِ جرم پر ان کے مشکور ہیں، نئے صوبوں کا قیام آئینی تقاضا ہے اور اس موضوع پر گفتگو کرنے پر مشتعل ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ سندھ کے شہری علاقوں کی اکثریت صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، اس لیے بلاول بھٹو کو بھی سندھ کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے اس مطالبے کی حمایت کرنی چاہیے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کو مزید لوٹ کا مال نہیں بننے دیا جائے گا۔ بلاول بھٹو کو قوم کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے اس کی حمایت میں ووٹ کیوں دے رہے تھے۔

ایم کیو ایم نے بلاول بھٹو کے کرپشن سے متعلق مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کرپشن کو ملک کی تباہی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے، اب انہیں گزشتہ 18 سال سے سندھ پر حکمرانی کرنے والوں کی مبینہ کرپشن کے بارے میں بھی قوم کو آگاہ کرنا چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ زرداری خاندان کے چشم و چراغ حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ