امریکی محکمۂ محنت نے ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ حاصل کرنے کے قواعد مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمۂ محنت نے بتایا کہ مجوزہ اصلاحات کا مقصد امریکی شہریوں کے روزگار اور اجرتوں کا تحفظ یقینی بنانا اور غیر ملکی کارکنوں کی مستقل ملازمت کے لیے درخواستوں کی جانچ کا عمل مؤثر بنانا ہے۔
یہ تقریباً 20 برس میں مستقل ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ کے طریقۂ کار میں پہلی جامع اصلاحات ہیں۔ جس کے تحت آجروں کو غیرملکی کارکنوں کی بھرتی سے پہلے اہل امریکی شہریوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
مجوزہ ضوابط کے تحت آجروں کو اخبارات میں اشتہارات دینے کے بجائے کمپنیوں کی ویب سائٹس، آن لائن ملازمت کے پلیٹ فارمز اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرنا ہوں گے۔
علاوہ ازیں ملازمت کے اشتہارات کم از کم 90 دن تک جاری رکھنا لازمی ہوگا تاہم اگر آجر عام طور پر اسی نوعیت کی ملازمتوں کے لیے اس سے زیادہ عرصے تک اشتہار دیتا ہے تو اسے وہی مدت برقرار رکھنا ہوگی۔
اشتہارات میں تنخواہ، ملازمت کی نوعیت، اہلیت اور کام کی جگہ سے متعلق تفصیلات بھی واضح کرنا ہوں گی۔
آجروں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ انہوں نے اہل امریکی امیدواروں کو بھرتی کرنے کے لیے حقیقی کوششیں کیں اور کسی مخصوص غیر ملکی امیدوار کو موزوں دکھانے کے لیے ملازمت کی شرائط مرتب نہیں کیں۔
تجویز میں ایک اہم تبدیلی یہ بھی ہے کہ بعض شعبوں، جن میں نرسیں، فزیکل تھراپسٹس اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد شامل ہیں، کے لیے پہلے دستیاب انتظامی استثنیٰ ختم کرنے کی تجویز دی گئی۔
مزید یہ کہ اگر کسی آجر نے گزشتہ دو برس کے دوران اسی یا ملتے جلتے پیشے میں امریکی ملازمین کو فارغ کیا ہو تو وہ متعلقہ ملازمت کے لیے مستقل لیبر سرٹیفکیشن کی درخواست نہیں دے سکے گا۔
اسی طرح تیسرے فریق کے کام کی جگہوں پر ملازمین کی برطرفیوں سے متعلق حفاظتی شرائط بھی سخت کرنے کی تجویز ہے۔
مجوزہ ضابطے پر عوامی آرا وفاقی رجسٹر میں اشاعت کے بعد 60 روز تک طلب کی جائیں گی۔ یہ ابھی حتمی قانون نہیں بلکہ منظوری اور نفاذ سے پہلے زیرِ غور تجویز ہے۔

