روس کے علاقے سائبیریا میں فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں سوار تمام 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی فوجی طیارہ اے این 12 منگل کو جنوب مغربی سائبیریا کے علاقے کیمیرووو میں یگونووو نامی گاؤں کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔
علاقے کے گورنر الیا سیریدوک نے طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ یگونووو کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں طیارے کی شناخت یا ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی تاہم امدادی اداروں کو جائے حادثہ پر روانہ کردیا گیا۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق روسی اخبار ازویستیا نے طیارے کی ابتدائی شناخت اے این 12 کے طور پر کی ہے۔
یہ سوویت دور میں تیار کیا گیا چار انجنوں والا فوجی مال بردار طیارہ ہے جسے فوجی اہلکاروں اور سازوسامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔ روسی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طیارے میں موجود تمام 17 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
روسی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ روسی وزارت دفاع کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

