ماہِ اکتوبر میں میری نئی تصانیف پر دوسری بڑی تقریب قائداعظم لائبریری کے اقبال ہال میں منعقد ہوئی، اس تقریب کے بارے میں معروف صحافی اور کالم نگار منشا قاضی نے لکھا کہ ’’یہ تقریب محض چند کتابوں کی تقریب رونمائی یا رسمی پذیرائی نہ تھی بلکہ علم وادب، قانون وانصاف، سیاست و سماج سول وعسکری سروسز اور فکری بصیرت سے وابستہ نامور شخصیات کا ایک ایسا اجتماع تھا جس میں کتاب کے وسیلے سے کردار، سچائی، اصول پسندی، اور انسانی زندگی کے بنیادی سوالات بھی زیرِ بحث آئے۔
اقبال ہال میں تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس تقریب میں سامعین کی مسلسل موجودگی اور آخر تک ہال کا بھرا رہنا اس امر کی ثبوت تھا کہ اعلیٰ کردار کی حامل قابلِ اعتماد شخصیات اور ان کی تحریر کے لیے ہمارے معاشرے میں آج بھی گہری دلچسپی موجود ہے۔ تقریب کی صدارت معروف اسکالر، مفکر اور دانشور پروفیسر احمد جاوید نے کی۔
جن کے بارے میں خود چیمہ صاحب نے کہا کہ دل چاہتا ہے باقی زندگی ایسے بڑے اسکالر کے قدموں میں گذار دی جائے۔ ان کی عملی وفکری شخصیت نے محفل کو خاص وقار عطا کیا‘‘۔ لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس انوارالحق تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جب کہ نظامت کے فرائض معروف راوین مسز شیریں اسد (ریٹائرڈ جسٹس اسد صاحب کی بیگم) نے بے حد موثر اور دلنشین انداز میں انتہائی خوش اسلوبی سے ادا کیے۔
کتابوں پر گفتگو کرنے والے مقرّرین میں معروف صحافی مجیب الرحمن شامی، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ممتاز قانون دان سینیٹر حامد خان، سلطنتِ عمان کے سابق قونصل جنرل اور ملک سے شدید محبت کرنے والے معروف بزنس مین جاوید نواز،سابق وفاقی سیکریٹری طارق نجمی، نیپا کے ڈائریکٹر جنرل فاروق مظہر اور مصنّف کے لاء کالج کے کلاس فیلو، دوست اور ایک لاء کالج کے بانی ہمایوں احسان کے علاوہ ایف سی کالج کے شعبۂ اردو کی سربراہ ڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر مصباح جبیں شامل تھیں۔ مقرّرین نے تینوں کتابوں جہدِ مسلسل (خودنوشت)، افکارِ تازہ اور ’سمجھتا ہوں جسے حق‘ کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کیا۔ کئی مقرّرین نے کتاب کے اقتباس بھی پڑھ کر سنائے۔ طارق نجمی صاحب نے مصنف کی کتابوں سے اقتباس سنانے سے پہلے بار بار وضاحت کی کہ یہ میں نہیں کہہ رہا یہ مصنّف کے الفاظ ہیں‘‘۔
ڈاکٹر مصباح جبیں نے والدہ کی یاد میں لکھے گئے مضمون کی کچھ لائنیں سنائیں تو ہال کا ماحول سوگوار ہوگیا، ماں کی باتیں سن کر ہر شخص یہ سمجھنے لگتا ہے کہ یہ اس کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ ڈاکٹر شاہدہ دلاور ایک شاعرہ بھی ہیں اور کالم نگار بھی، انھوں نے اپنے منفرد انداز میں کتابوں کے مختلف پہلوؤں پر تبصرہ کیا۔ ہمایوں احسان اور فاروق مظہر نے مصنّف کے ساتھ بیتے ہوئے دنوں کی سہانی یادیں تازہ کیں اور کتاب کے اسلوب کو سراہا۔ خواجہ سعد رفیق اور حامد خان ایڈووکیٹ مخالف پارٹیوں سے تعلق رکھنے ہیں مگر دونوں مصنف کے بے داغ کردار، دیانت داری اور جرات مندی کے معترف تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’’میں چیمہ صاحب اور ان کی فیمیلی کو پچھلے چالیس سال سے جانتا ہوں، یہ سارے بھائی دیانتدار، بااصول اور محبِّ وطن ہیں۔ ذولفقار چیمہ کے متعلق میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ انھوں نے کبھی قصرِ سلطانی کے گنبد پر نشیمن بنانے کی کوشش نہیں کی‘‘۔ انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں حالاتِ حاضرہ کے بارے میں کچھ کھری کھری باتیں بھی کردیں۔ حامد خان صاحب ایک صاف ستھرے کردار کے حامل سینئر قانون دان ہیں جو قانون کی حکمرانی پر ایمان رکھتے ہیں اور لگی لپٹی رکھے بغیر دو ٹوک بات کرتے ہیں، اس مجلس میں بھی انھوں نے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے پر زور دیا۔
جاوید نواز صاحب کئی دہائیوں سے مسقط میں مقیم ہیں اور اب وہاں کے ایک کامیاب اور بااثر بزنس مین ہیں جن کے حکمران خاندان سے گہرے تعلقات ہیں، مگر ان کا دل پاکستان میں ٹکا رہتا ہے اور وہ وطنِ عزیز ہی کے بارے میں سوچتے اور اسی کے دگرگوں حالات کے بارے میں مضطرب رہتے ہیں، وہ ہمیشہ اس نظرئیے کے علمبردار رہے ہیں کہ موجودہ سیاسی قیادت کو آزمایا جاچکا ہے، اس نے قوم کو مایوس کیا ہے اس لیے اس ملک کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لیے ضروری ہے کہ زمامِ کار تیس سے چالیس ایسے افراد کے ہاتھوں میں آئے جو باکردار بھی ہوں اور قابل بھی اور اداروں کو ٹھیک کرنے کا تجربہ اور عوام کو انصاف دینے کا جذبہ رکھتے ہوں۔ وہ ایسی ٹیم کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔اسی لیے انھوں نے اپنے لیے Lovers of pakistan(محبّانِ پاکستان) کا ٹائٹل پسند کیا ہے۔ جاوید نواز صاحب نے مسقط کے کئی واقعات سنائے جن میں وہاں کے حکمرانوں کی میرٹ اور انصاف سے وابستگی اور وہاں قانون کی صحیح معنوں میں حکمرانی کو اجاگر کیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے انتہائی نیک نام (ر) چیف جسٹس محترم انوارالحق صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آج ایک اس شخصیت کی خدمات اور تصانیف کے حوالے سے جمع ہوئے ہیں جس نے اپنی عملی زندگی کا بڑا حصہ قانون کی حکمرانی، انتظامی ذمے داریوں اور عوامی خدمات میں گذارا اور پھر اپنے مشاہدات، تجربات اور افکار کو تحریر کی صورت میں محفوظ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’عہدے تو بہت سے لوگوں کو مل جاتے ہیں مگر دیکھنے والی بات یہ ہے کہ اس نے اپنے منصب کو کس طرح استعمال کیا؟ اس نے اپنے اختیار کو ذمے داری سمجھا یا استحقاق؟ اس نے اپنے اختیار کو طاقت ور کے مفاد کا وسیلہ بنایا یا کمزور کے تحفظ کا ذریعہ؟ میرے نزدیک کسی شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ محض اس کی تعریف کرنا نہیں بلکہ اس کے اوصاف کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔
اگر ہم کسی دیانتدار افسر کی دیانتداری کی تعریف کرتے ہیں تو اس کی یہ خوبی ہمیں بھی عملی زندگی میں اختیار کرنی چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ آج کی اس تقریب کا مقصد مصنف کو محض خراجِ تحسین پیش کرنا نہیں بلکہ ان اقدار کو اجاگر کرنا بھی ہے جنھیں ذوالفقار چیمہ صاحب نے اپنی زندگی اور تحریروں میں خاص اہمیّت دی ہے‘‘ جسٹس صاحب نے تینوں کتابوں کا چند فقروں میں انتہائی خوبصورتی سے خلاصہ بیان کردیا انھوں نے کہا کہ ’’افکارِ تازہ میں مصنف کے مشاہدات اور فکر کا دائرہ مزید وسیع ہوتا دکھائی دیتا ہے، یہاں ان کی دلچسپی پولیس، انتظامیہ یا سرکاری معاملات تک محدود نہیں رہتی بلکہ قومی زندگی کے مختلف پہلو، معاشرتی روئیے تاریخی شعور، اخلاقی اقدار، اور پاکستان کے اجتماعی مسائل بھی ان کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ اس کتاب کے ایک مضمون ’’اصلی پولیسنگ یا فیس بک پولیسنگ‘‘ کو پولیس کے تربیتی نصاب کا حصہ بنادیا جائے تو اس محکمے میں بہت بہتری آسکتی ہے‘‘۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’’مصنّف کی خودنوشت ’’جہدِ مسلسل‘‘ کا عنوان بھی اپنے اندر ایک معنی خیز پیغام رکھتا ہے۔ میں چیمہ صاحب کے عملی سفر کو مُڑ کر دیکھوں تو ایک دلچسپ تسلسل سامنے آتا ہے: ایک نوجوان طالب علم راہنما، ایک پولیس افسر، ایک اعلیٰ سرکاری عہدے دار، ایک حساس مشاہدہ نگار ، ایک صاحب الرائے قلمکار اور پھر اپنی زندگی کے تجربات کو کتابی شکل میں مرتب کرنے والا مصنّف۔ چیمہ صاحب کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو اُن کی اصول پسندی، واضح موقف اور اپنی بات دو ٹوک انداز میں کہنے کا وصف ہے۔ میرے نزدیک یہی دو ٹوک بیانیہ ان کی ساری کتابوں کی اہم خصوصیّت ہے‘‘۔
میں نے اپنی گفتگو میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ قومی ادارے کمزور اور بے وقعت ہوگئے ہیں، وطنِ عزیز کو جس نوعیت کے چیلنج درپیش ہیں، ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے ریاست کی تمام اکائیوں کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اور کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا ہوگا مگر اس کے لیے اوّلین شرط یہ ہے کہ عوام کے حقِ حکمرانی انھیں لوٹا دیا جائے۔
جمہوریت کے ثمرات عوام تک تب پہنچیں گے جب ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی۔ مگر یہ تلخ حقیقت ہے کہ اس وقت ملک میں حکومت یا اپوزیشن میں شامل کوئی سیاسی پارٹی اور کوئی سیاسی لیڈر قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں مخلص نہیں، وہ حکمران بنتے ہی اپنے عہدے کے اختیارات اور سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرنا اور میرٹ کو پامال کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں، وہ اپنے عزیزوں، رشتے داروں اور دوستوں کو نوازنا ہمارے سیاسی کلچر کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ یہاں سیاسی لیڈروں سے محبت کرنے والے (Lovers) تو موجود ہیں مگر Lovers of pakistanکی تعداد کم ہے ان کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر چائے کے بعد باہر نکلے تو ایک دوست کا فون آیا کہ ’’آپ کی ساری تقریر سوشل میڈیا پر چل رہی ہے بلکہ وائرل ہوچکی ہے‘‘۔

