کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شامل ہے۔ شہروں پر تحقیق کرنے والے عالمی ادارہ فرانس 24 کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی شہر آلودگی، بجلی کی کمی، پانی کے مسائل جیسے بحرانوں میں مبتلا ہے۔ فرانس 24 نے دنیا بھر کے 173 شہروں میں بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس ادارے نے کراچی کو 170ویں درجہ پر فائز کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے صرف 55 فیصد شہروں کو پینے کا صاف پانی ملتا ہے۔ اس شہر میں روزانہ 15ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے مگر ایک چوتھائی کچرا ٹھکانے نہیں لگتا۔ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ انتہائی کم ہے اور ٹریفک کا نظام مسلسل بدنظمی کا شکار رہتا ہے، شہر کے بعض علاقوں میں 19گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔ شہر میں طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے معمول کا حصہ بن گئے ہیں۔
فرانس 24 کی اس رپورٹ مرتب کرنے والے ماہرین نے لکھا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا صنعتی شہر ہے مگر شہر کابنیادی ڈھانچہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہے۔ اس رپورٹ کے مطالعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف ڈھاکہ، طرابلس اور دمشق کراچی سے پیچھے ہیں۔ باقی دنیاکے شہر کراچی سے زیادہ بہتر صورتحال میں ہیں۔ حتیٰ کہ بھارت کے گنجان آباد شہر، ممبئی ، کلکتہ ، چنائی اور دہلی بھی کراچی سے بہتر حالت میں ہیں۔کراچی کی آبادی کتنی ہے، یہ معاملہ ہمیشہ وجہ تنازع رہا۔ ملک میں آخری مردم شماری 2023 میں ہوئی تھی۔ اس کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی 20.3 ملین تھی۔ کراچی میں آبادی کی شرح میں سالانہ 5 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔
حزب اختلاف کی بیشتر سیاسی جماعتیں ان اعداد و شمار کو حقیقی قرار نہیں دیتیں۔ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم والے 30 ملین یعنی 3کروڑ کے قریب بتاتے ہیں۔ اگرچہ ان اعداد و شمار کا حقیقی ثبوت موجود نہیں ہے، تاہم جب بھی کراچی میں مردم شماری ہوتی ہے تو بیوروکریسی نے حقیقی اعداد و شمار حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی، یوں مختلف علاقوں کی آبادی کے بارے میں اعتراضات ہوتے ہیں، مردم شماری کے اعداد و شمار مشکوک ہوجاتے ہیں۔
بلدیہ کراچی کا پیدائش اور اموات و شادی اور رجسٹریشن کا نظام اگرچہ اب کمپیوٹرائزڈ ہوچکا ہے اور یہ نظام نادرا کے نظام سے منسلک ہے مگر رقم خرچ کرکے ہی پیدائشی سرٹیفکیٹ، رجسٹریشن اور موت کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ پرانے مینول نظام میں تو مرضی کے سرٹیفکیٹ باآسانی تیار ہوجاتے تھے،اب کمپیوٹرائزڈ نظام ہے تو مرضی کے سرٹیفکیٹس کی رقم بڑھ گئی ہے۔ قیام پاکستان کے وقت کراچی کی آبادی 4لاکھ 50 ہزار افراد پر مشتمل تھی ۔ 1951 کی مردم شماری میں کراچی کی آبادی د گنی ہوئی اور یہ تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
قیام پاکستان کے بعد برسراقتدار آنے والی حکومتوں کی ابتدائی ترجیحات میں شہروں کی جدید طرز پر منصوبہ بندی، تعلیم، صحت اور انسانی وسائل کی ترقی کے معاملات نچلی سطح پر رہے ۔ دنیا میں غریبوں کی آبادیاں شہر میں قائم کی جاتی ہیں اور امراء کی آبادیاں دور دراز علاقوں میں قائم ہوتی ہیں تاکہ غریبوں کی بستیوں کو بہتر سہولتیں فراہم ہوسکیں۔ مگر کراچی کی منصوبہ بندی کرنے والوں نے شہر سے دور غریبوں کی بستیاں آباد کرنا شروع کیں۔ اس پالیسی کے تحت کورنگی، لانڈھی، ملیر، سابقہ ڈرگ کالونی یعنی شاہ فیصل کالونی اور پاک کالونی وغیرہ شہر سے دور تعمیر ہوئیں، اس روایت کو مزید تقویت ملی جب نئی آنے والی حکومتوں نے نئی کراچی، اورنگی، گلستان جوہر اور بلدیہ ٹاؤن وغیرہ کو شہر سے دور آباد کیا۔
برسر اقتدار حکومتوں نے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، سیوریج کے لیے جدید نظام کی تنصیب، انڈر گراؤنڈ ریل، بڑی بس اور الیکٹرک ٹرام چلانے کی منصوبہ بندی نہیں کی۔ ایوب خان کے دور میں سرکلر ریلوے کا منصوبہ شروع ہوا تھا۔ سرکلر ریلوے سے دور دراز غریبوں کی بستیوں کے مکینوں کو شہر آنے جانے کی خاصی آسانی تھی۔ اس سرکلر ریلوے کے نظام کو پورے کراچی کے اطراف تک پھیلایا جاسکتا تھا اور اس نظام کو انڈرگراؤنڈ ٹیوب اور الیکٹرک ٹرام سے منسلک کیا جاسکتا تھا مگر ٹرانسپورٹ مافیا اور ریلوے کی بیوروکریسی کی ملی بھگت سے پہلی ٹرام وے بند کی گئی،یوں سرکلر ریلوے کو اختتام تک پہنچا دیا گیا۔ جنرل ضیاء الحق کی حکومت سے لے کر موجودہ حکومت سرکلر ریلوے کی بحالی اور اس میں توسیع کے لیے بڑے بڑے اعلانات کرتی رہیں۔ مگر کچھ نہیں ہوا۔اس دوران لاہور میں سی پیک کے تحت اورنج ٹرین چل گئی۔ لاہور سے راولپنڈی تک تیز رفتار ریل کار چلنے لگی مگر کراچی میں اس ضمن میں کچھ نہ ہوا۔
موجودہ صوبائی حکومت نے ریڈ لائن کا منصوبہ 5سال قبل شروع کیا تھا مگر سندھ کی حکومت یہ منصوبہ مکمل نہیں کرسکی ہے۔ سندھ کی حکومت نے چند سو بسیں چلا کر اسے بڑا کارنامہ بتایا جا رہا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کو 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے۔
کراچی کی آدھی سے زیادہ بستیوں میں لگے نکلوں میں پانی نہیں آتا۔ کراچی شاید دنیا کا واحد شہر ہے جہاں سرکاری نگرانی میں ٹینکروں سے پانی فروخت ہوتا ہے۔ ڈیفنس ، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال او رگلستان جوہر کے مکین تو ٹینکر خریدنے کی سکت رکھتے ہیں تاہم آبادی کی اکثریت بورنگ سے ملنے والا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے جس کی وجہ سے مختلف بیماریاں عام ہیں۔ شہری سوال کرتے ہیں کہ جب ٹینکروں سے پانی مل سکتا ہے تو پھر نلکوں میں یہ پانی کیوں نہیں آتا؟ بعض انجینئر وں کا کہنا ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی نہیں ہے مگر پانی کی تقسیم کا نظام ناقص ہے، یہ نظام ٹینکر مافیا کے ماتحت چلتا ہے۔ حکومت سندھ یہ دعویٰ کرتی ہے کہ گریٹر کراچی ورک واٹر سپلائی اسکیم K-IV منصوبہ مکمل ہوگا تو پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا مگر یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جاتا ہے کہ اگر یہ منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود پانی کی تقسیم کا نظام بہتر نہ ہوا تو کراچی میں پانی کا بحران بدستور موجود رہ گا۔ شہر میں سیوریج کا نظام تقریباً تباہ ہوچکا ہے ۔ بارش کا کیا ذکر کیا جائے، عام حالات میں بھی چھوٹی بڑی سڑکوں پر گٹر کا پانی جمع ہونا معمول ہے۔ بعض اوقات ریڈ زون کی کسی سڑک پر بھی گٹر کا پانی جمع ہوجاتا ہے۔
کراچی میں کوڑے کے ڈھیر ایک عالمی خبر تھی۔ سندھ حکومت نے کوڑا اٹھانے کے لیے ایک کارپوریشن قائم کی ہے جس کی افسرشاہی کروڑوں روپے تنخواہیں اور الاؤنسز ماہانہ وصول کرتی ہے مگر چند بڑی سڑکوں کے سوا باقی شہر میں کوڑے کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔کراچی دنیا کے ان چند شہروں میں شامل ہے جہاں روزا نہ لاکھوں ٹن کوڑا جمع ہوتا ہے مگر اس کوڑے سے بجلی پیدا نہیں کی جاتی۔
کراچی کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، اگر اس کوڑے سے بجلی پیدا کی جائے تو شہریوں کو سستی بجلی مل سکتی ہے۔ یوں ایک نئے صنعتی دور کا آغاز ہوسکتا ہے۔ تمام بڑے شہروں کو بااختیار بلدیاتی نظام کے تحت چلایا جاتا ہے۔ مگر ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف حکومت نے پہلی دفعہ نچلی سطح تک اختیارات کابلدیاتی نظام قائم کیا مگر پھر یہ نظام ختم کردیا گیا۔ اب سندھ میں ایک کمزور بلدیاتی نظام قائم ہے مگر اس کمزور نظام سے بھی شہر میں ترقی کی نئی دوڑ کا آغاز ہوا۔ کراچی کے ترقیاتی مسائل کا حل بااختیار بلدیاتی نظام ہے۔
شہر کے لیے ایک’ ’سپر میونسپل کارپوریشن‘‘ قائم ہونی چاہیے۔ کنٹونمنٹس بھی اس کے دائرہ اختیار میں شامل کیے جائیں۔ میئر بااختیار اور خودمختار ہونا چاہیے۔ ٹاؤنز اور یونین کونسلز کے چیئرمین کے پاس سارے اختیارات ہونے چاہئیں۔ پانی کی فراہمی، سیوریج کے پانی کے مسائل، بلڈنگ کنٹرول اور مستقبل کی منصوبہ بند ی کے اختیارات میئر، ٹاؤن چیئرمین اور یونین چیئرمین کے پاس ہونے چاہئیں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کی طرح ان اداروں کی معیاد کے خاتمے کے 90 دن میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات ہونے چاہئیں۔ ان بلدیاتی اداروں کو ملازمین کی بھرتی اور تبادلوں کے مکمل اختارات ملنے چاہئیں۔ برطانیہ کے وزیر اعظم کے بعد لندن کے میئر کے اختیارات ہوتے ہیں، ایسے ہی اختیارات میئر اور ٹاؤن چیئرمینز کو حاصل ہوںگے تو پھر کراچی حقیقی طور پر ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

