واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی امن کے فروغ کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم "بورڈ آف پیس” کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت 20 سے زائد عالمی رہنماؤں نے ایک مشترکہ امن چارٹر پر دستخط کیے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں صدر ٹرمپ نے پہلے خود دستاویزات پر دستخط کیے اور پھر انہیں میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ اس کے بعد دیگر عالمی رہنماؤں نے باری باری آ کر اس تاریخی چارٹر پر اپنے دستخط ثبت کیے۔ دستخطی تقریب کے موقع پر امریکی صدر نے حماس کو واضح انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ "اگر حماس نے ہتھیار ترک نہ کیے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔”
ذرائع کے مطابق یہ بورڈ عالمی تنازعات کے حل، امن مذاکرات کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اس اقدام کو عالمی سطح پر خاصی توجہ مل رہی ہے اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عالمی امن کے فروغ کی سمت میں ایک اہم قدم ہو سکتا ہے۔

