لاہور کے علاقے رائیونڈ میں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا محل نما گھر ہو، ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم شہباز شریف کی کوٹھی یا اسلام آباد میں آصف زرداری کا ایوان صدر، اِن دنوں ہر جگہ ملکی سیاست کی دھند چھائی ہوئی ہے۔
لاہور کو شہر اقتدار اسلام آباد اور عسکری طاقت کے مرکز راولپنڈی سے ملانے والی جی ٹی روڈ، جسے جرنیلی سڑک بھی کہتے ہیں، بھی اس دھند کی لپیٹ میں ہے۔ سموگ کی گہری سرمئی اور زرد رنگ کی تہہ فضا میں معلق ہے۔ اکثر و بیشتر اندھیرا سا رہتا ہے، سفر طے کرنا دو بھر ہوجاتا ہے اور کچھ سجھائی نہیں دیتا۔
کچھ یہی صورت حال قومی سیاست کے کینوس کی ہے۔ جب سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے نظام کو ری سیٹ کرنے اور ملک میں نئے صوبے بنانے کے بیانات داغے ہیں، ہر لکیر دھندلی سی نظر آتی ہے۔ سیاست میں طوفان برپا ہے۔
بیان اگر محسن نقوی کا ہوتا تو بحث مباحثے کے بعد دھیما پڑ جاتا لیکن اس ’ہائبرڈ نظام‘ میں شامل سیاسی جماعتوں کو بخوبی اندازہ ہے کہ پیغام اسٹیبلشمنٹ کا ہے اور محسن نقوی صرف پیغام رساں ہیں۔
نظام میں بنیادی تبدیلیاں مقصود ہیں۔ چند ماہ سے سیاسی مستقبل کی تصویر کشی مشکل نظر آتی ہے۔ ابتدا میں سیاسی ماحول کو جانچا گیا۔ ن لیگ نے چپ سادھ لی۔ صدر زرداری اور بلاول نے اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست الجھنے کی بجائے جوابی وار اپنی سندھ اسمبلی سے دلوایا۔ دھواں دار تقاریر کی گئیں اور صوبوں کی تقسیم کی تجویز کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔
پیپلز پارٹی کا سیاسی بقا داؤ پر ہے۔ حمایت کریں تو سندھ میں سیاست دفن اور اگر کھلم کھلا مخالفت مول لیں تو گویا اسٹیبلشمنٹ سے ٹکراؤ کا خطرہ ہے۔ عہدوں سے دستبرداری بھی مہنگا سیاسی سودا ہے۔ زرداری صدر ہیں اور یوسف رضا گیلانی سینٹ کے چیئرمین، تین صوبوں میں گورنر ان کے ہیں۔ بہت کچھ داؤ پر ہے۔ خوف کہ کہیں یہ مخالفت مستقل سیاسی تنہائی میں نہ تبدیل ہو جائے۔
اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیپلز پارٹی سیاسی جماعتوں کو متحد کرنا چاہتی ہے۔ بلاول نے سیاست کو ری سیٹ کرنے کا بیان دیا ہے اور انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ، جو ان دنوں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے سخت نالاں ہیں، تفصیلی بات چیت کی اور ان کی حمایت میں بیان بھی دیا ہے۔ حکومت کو مولانا کےخلاف ’انتقامی کارروائیوں‘ کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس اقدام سے پیپلز پارٹی اور مولانا کے درمیان دوریوں کو ختم کرنا کا اشارہ بھی دیا اور حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو پیغام بھی کہ مستقبل میں وہ اپوزیشن کا حصہ بن سکتے ہیں، جس میں تحریک انصاف بھی شامل ہے۔
پیپلز پارٹی سیاست کی ری سیٹنگ کے بیان سے ن لیگ کو گویا میثاق جمہوریت کا پابند کرنا چاہتی ہے، جو مشرف کے دور میں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے مابین طے پایا تھا۔
زرداری اور بلاؤل کی یہ کوشش شاید کامیاب نہ ہوسکے کیونکہ اس وقت ن لیگ حکمرانی کی ڈگر پر ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کی قربت بھی حاصل ہے۔ لگتا ہے کہ ن لیگ نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی کی سیاسی چالوں اور اسٹیبلشمنٹ کے ردعمل کے بعد ہی کوئی حتمی پالیسی اختیار کرے گی۔ اس وقت اس کا رویہ محتاط ہے۔
صوبوں کے معاملے پر ن لیگ کے رہنماؤں نے حمایت اور مخالفت دونوں ہی آرا اپنائی ہوئی ہیں۔ احسن اقبال اور خواجہ آصف حامی اور رانا ثنا اللہ مخالفت کرتے نظر آتے ہیں۔ پس پردہ سیاسی رسہ کشی ہے اور غیر یقینی صورت حال بھی۔
ملک کے اندر جغرافیائی حدود میں ردوبدل بہت پیچیدہ عمل ہے۔ اس پر عمل درآمد میں آئینی بندشیں اور رکاوٹیں حائل ہیں، جن کا خوب چرچہ ہوا۔ اسی بیچ محسن نقوی کا بیان آیا یعنی ملک میں ریفرنڈم ہو اور عوام کی رائے حاصل کی جائے۔ اسی رات محسن نقوی آصف زرداری سے مختصر ملاقات کے لیے نواب شاہ بھی پہنچ گئے۔
کہنے کو تو یہ ذاتی ملاقات بتائی گئی لیکن قیاس ہے کہ محسن نقوی نے صدر زرداری کو نظام کی مجوزہ تبدیلیوں پر اسٹیبلشمنٹ کا پیغام پہنچایا اور ان کی سوچ سے آگاہ کیا ہوگا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عام تاثر ہے کہ جواب میں صدر زرداری نے اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے سیاسی اور ووٹرز کے نظریاتی موقف سے آگاہ کیا ہوگا کہ سندھ کے عوام کسی بھی صورت میں صوبے کی تقسیم پر راضی نہیں ہوں گے اور ایسی کسی بھی تجویز پر عمل درآمد کے لیے آئینی تقاضوں پر عمل کرنا ہوگا۔
ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت اس وقت ملی جب صدر زرداری نے اس ملاقات کے فوراً بعد لاہور کی اڑان بھری۔ ماڈل ٹاون میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔ حسن اتفاق دیکھیے کہ اس ملاقات کو بھی ذاتی نوعیت کا ہی کہا گیا حالانکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ریفرنڈم کے طریقہ کار پر بات چیت ہوئی ہوگی۔
اب اسں منصوبے سے شہباز شریف ہوں یا زرداری کا راہ فرار مشکل نظر آتا ہے۔ ریفرنڈم کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنا ہوگا، یعنی سینیٹ اور قومی اسمبلی کے شامل اجلاس اراکین کی سادہ اکثریت درکار ہوگی۔ اگر ریفرنڈم کے انعقاد کی منظوری ہوتی ہے تو حتمی دستخط صدر زرداری کو کرنا ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کے لیے مستقبل کا سفر بے حد کٹھن لگتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اور ’ہائبرڈ نظام‘ کے لیے بھی ریفرنڈم کے ذریعے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا آسان نہ ہوگا۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج، بلوچستان میں دہشت گردی، صوبہ سندھ میں منصوبہ کی انتہائی درجہ کی مخالفت ۔۔۔ ووٹوں کی عوام میں قبولیت کی شرح کا حصول ناممکن نہیں تو ایک مشکل مرحلہ ہوگا۔
کراچی اور دوسرے شہروں میں اگر موجودہ ایم کیو ایم کی نئے صوبوں کی حمایت پر اکتفا کیا جا رہا ہے تو یہ پیمانہ ناقص ہوگا۔ ایم کیو ایم کی حمایت معلوم کرنا ہو تو ان دنوں کراچی کے کسی بھی علاقے میں سروے کروا لیں، سیاسی وزن کا اندازہ ہوجائے گا۔
ایم کیوایم نئے صوبوں کی حمایت میں ریلیاں کروانا چاہتی ہے۔ کراچی کی گلیوں میں سرگوشیاں ہیں کہ پارٹی کے پرانے تنظیمی ڈھانچے کو چلانے والے ’لڑکوں کے کچھ گروہ‘ ایک مرتبہ پھر متحرک نظر آتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کو نئے صوبوں کی حمایت اور مخالفت میں نکالے جانے والے مظاہروں پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔
ادھر تحریک انصاف کے حلقوں میں چہ میگویاں ہیں کہ کیا نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم میں حمایت سے ان کے اسیر قائد عمران خان کو ریلیف مل پائے گی۔
سیاسی اور عوامی حلقوں میں اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے اور یہ بحث جاری ہے کہ کیا صوبوں کی تقسیم ہوگی یا انتظامی یونٹس کا قیام عمل میں آے گا؟ کیا یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں؟ یونی کاغذ پر انتظامی یونٹس اور اصل میں نئے صوبوں کا قیام؟
پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک احمد خان نئے صوبوں کے قیام کے شدید حامی ہیں اور قانون دان بھی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ریفرنڈم کے حق میں اگر عوام کی اکثریتی رائے حاصل ہو جائے تو آئینی عدالتوں میں درخواست دائر کی جا سکتی ہے اور یوں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی حمایت میں فیصلے کا حصول اور آئینی تقاضوں کی تکمیل ممکن ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ مراحل بے حد مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔
ریفرنڈم کی ماضی کی تاریخ داغدار اور متنازع ہے۔ جنرل ضیا اور جنرل مشرف دونوں ہی نے اپنے ادوار کو طول دینے کے لیے ریفرنڈم کا سہارا لیا، جنہیں بے قاعدگیوں اور بوگس ووٹنگ کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم سوچوں کا محور سیاسی نظام کے مستقبل کی تبدیلیوں پر بھی ہے۔ اگر نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنیں گے تو این ایف سی ایوارڈ میں بھی، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کرتا ہے، تبدیلیاں لانی ہوں گی۔
اس وقت چار صوبوں کا حصہ 57.8 فیصد طے ہے۔ اگر 12 یا اس سے زیادہ صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل ہوگی تو یہ فارمولہ تبدیل کرنا ہوگا۔ کیا پھر 1991 کے وفاق اور صوبوں کے مابین پانی کی تقسیم کے معاہدے میں بھی تبدیلی لانی پڑے گی؟ نئے صوبوں کے قیام سے جنرل مشرف کے دور کی طرح ایک نیا سیاسی طبقہ بھی جنم لے گا۔
نئے صوبوں کے لیے مستقبل کے سفر کا سیاسی، سماجی اور لسانی بارودی سرنگوں سے ٹکرائے بغیر منزل تک پہنچنا مشکل نظر آتا ہے۔
یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔


