افغانستان کو شکست دینے کے بعد زمبابوے کی نظریں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر جم گئیں

zimbabwe1794981644 0


زمبابوے نے افغانستان کو شارجہ ٹیسٹ میں 57 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی اور ٹیم کی نظریں اب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شمولیت پر مرکوز ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی سی سی نے آئندہ دو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکلز کے لیے ٹیموں کے مقابلوں کا شیڈول طے کرلیا ہے تاہم افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کی ممکنہ شمولیت پر مذاکرات جاری ہونے کے باعث اسے تاحال منظرعام پر نہیں لایا گیا۔

زمبابوے کرکٹ کا مؤقف ہے کہ تمام ٹیسٹ کھیلنے والے مکمل اراکین کو ڈبلیو ٹی سی میں یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔

تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سمیت بعض بڑے بورڈز اضافی میچز سے مصروف شیڈول اور نشریاتی معاہدوں پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں۔

زمبابوے نے گزشتہ سال 10 ٹیسٹ میچز کھیل کر طویل فارمیٹ سے اپنی وابستگی ثابت کرنے کی کوشش کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ٹیم نے آئندہ چار برسوں میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سات ممالک کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی حاصل کرلی ہیں جن میں انگلینڈ اور جنوبی افریقا بھی شامل ہیں۔

زمبابوے کرکٹ آئندہ چند ہفتوں میں یہ شیڈول آئی سی سی کے سامنے پیش کرے گا تاکہ 2027-29 یا 2029-31 کے سائیکل میں جگہ حاصل کی جاسکے۔

دوسری جانب افغانستان کے کپتان رحمت شاہ نے بھی مزید ٹیسٹ میچز کھیلنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو موجودہ شیڈول میں مناسب مواقع نہیں مل رہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ