پاکستان بنگلادیش کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، اسحاق ڈار
‘پاکستان بنگلادیش کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے’
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلادیش کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
بنگلادیش کے سول سرونٹس وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بنگلادیش کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے، اپنے دورہ بنگلادیش کی خوشگوار یادیں ذہن میں ابھی بھی تازہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دوستوں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ہم بنگلادیشی وفد کو خوش آمد کہتے ہیں، ایسے وفود اور ملاقاتوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دی جاسکتی ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بنگلادیشی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف بھی دے رہا ہے، بنگلادیشی وفد کے دورے سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا، خیالات اورسوچ کا تبادلہ دونوں ملکوں کے لیے سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔

