پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں نئے صوبوں کے حوالے سے جاری بحت کے حوالے سے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب کا تناظر الگ ہے اور ریفرنڈم غیرآئینی اقدام ہوگا لہٰذا اپنی مرضی کا ماحول بنا کر زور زبردستی سے بات نہیں بنے گی۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کو انٹرویو چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری میں خوف ناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، معاشی مشکلات میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہو رہا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کا فوکس عوام کو ریلیف دینے پر ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سسٹم کولیپس کرنےکا مسئلہ ہم نے شروع نہیں کیا، میرے بھائی محسن نقوی نے سسٹم کولیپس کی بات شروع کی، کیاسسٹم ری سیٹ ہونے پر بات کرنےکا حق صرف محسن نقوی کو ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم کی بات بھی ہم نے نہیں کی، ایک بحث شروع کی گئی جس پر میں نے اپنا مؤقف دیا، پریس کانفرنس میں دھمکی نہیں دی بلکہ خطرے سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانےکی بات کی گئی، بڑا اسٹیک ہولڈر ہونے کے باوجود مجھ سے مشورہ نہیں کیاگیا، صدرزرداری اور محسن نقوی کی ملاقات میں نئے صوبوں پر بات چیت نہیں ہوئی ہے، ایوان صدر نے بھی وضاحت کی کہ ملاقات میں صوبوں پر بات نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے الیکشنز میں اپوزیشن دھاندلی کے الزام لگاتی تھی اور حکومت مسترد کرتی تھی لیکن یہ پہلی بار ایسا ہوا ہےکہ اپوزیشن اورحکومتی نمائندےبھی کہہ رہے ہیں دھاندلی ہوئی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سےملاقات کا مقصد وفاقی حکومت سےکوآرڈینیشن تھا، ریفرنڈم غیر آئینی ہے، آرٹیکل239-اے میں سب کچھ واضح ہے، آئین کو سائیڈ پر رکھ کر ریفرنڈم کرانا مناسب نہیں ہوگا، آئین میں دیا گیا طریقہ کار پورا کیے بغیر ریفرنڈم کرانےکی کوئی منطق نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبے کی حیثیت اور جنوبی پنجاب صوبےکا ایک الگ تناظرہے، جنوبی پنجاب کے صوبے سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین نظرانداز کرکے مرضی کا ماحول بنا کر زورزبردستی سےبات نہیں بنےگی، انتخابی اصلاحات ہونے ہیں تو اس سے پہلے ریفرنڈم یا نیاالیکشن ہو یہ کیسےممکن ہے اور کیسےممکن ہے اس نظام میں ریفرنڈم کے ذریعےعوام کی اصل رائے سامنے آئےگی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سندھ کےعوام سے نہیں پوچھا جاسکتا کہ پنجاب میں نیا صوبہ ہونا چاہیے یا نہیں، کہیں اور بھی نہیں پوچھا جاسکتا کہ سندھ میں نیا صوبہ ہونا چاہیے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ساکھ اور الیکشن کاعمل تاریخ میں اتنانیچے نہیں گیا جتنا آج ہے، کوئی یہ ماننےکو تیار نہیں کہ اس نظام میں شفاف الیکشن ہوسکتے ہیں۔
اپوزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پی ٹی آئی پارلیمانی سیاست کا حصہ بنے، پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے بات چیت ہونی چاہیے، اگر ہم پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں نہ لیتے تو کسی اور جماعت کو مل جاتیں۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جو پورے ملک میں پھیل چکا۔
Source link

