اے آئی کے بڑھتے اثرات کے درمیان کیمبرج ڈکشنری کا ورڈ آف دی ایئر ’ہیومن‘


لندن — کیمبرج ڈکشنری نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے اثرات اور انسان و مشین کے درمیان فرق سے متعلق عالمی بحث کے پیشِ نظر ’ہیومن‘ (Human) کو 2026ء کا سال کا لفظ قرار دیا ہے۔ ڈکشنری کے مطابق اس لفظ کا مطلب ایسی خصوصیات، خامیوں اور احساسات کا حامل ہونا ہے جو انسانوں میں پائے جاتے ہیں اور انہیں دیوتاؤں، جانوروں اور مشینوں سے ممتاز کرتے ہیں۔
کیمبرج ڈکشنری کے لغوی پروگرام کے مدیر کولن میک اِنٹوش نے کہا کہ اے آئی انسان ہونے کے بارے میں گفتگو کے انداز کو بدل رہی ہے۔ ان کے مطابق جب لوگ سوچنے، لکھنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں اے آئی کے حوالے کر رہے ہیں تو یہ سوال اہم ہو گیا ہے کہ انسان کیا کھو سکتا ہے اور مشینوں پر انحصار کی حد کہاں ہونی چاہیے۔
ڈکشنری نے کہا کہ ’ہیومن میڈ‘، ’ہیومن رائٹن‘ اور ’ہیومن جنریٹڈ‘ جیسی اصطلاحات کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے، جن کے ذریعے انسانی تیار کردہ کام کو اے آئی سے تیار شدہ مواد سے الگ کیا جاتا ہے۔ اس انتخاب کا مقصد اے آئی کے دور میں انسانی تخلیق، رابطے اور اصل کی نئی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
کیمبرج یونیورسٹی کی اے آئی گورننس اور انسانی حقوق کی ماہر پروفیسر ریچل ایڈمز نے کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانیت سے متعلق پرانے سوالات کو دوبارہ سامنے لائی ہے: ہم کون ہیں اور انسان ہونے کا مطلب کیا ہے؟ ان کے مطابق اے آئی انسانیت کے لیے گہرا امتحان ہے، کیونکہ اس میں موجودہ عدم مساوات کو بڑھانے اور انہیں کم کرنے دونوں کی صلاحیت موجود ہے۔
اس سال کے نئے الفاظ میں ’اورا فارمنگ‘ اور ’لُکس میکسنگ‘ شامل ہیں، جبکہ مستقبل میں مقبول ہونے کے امکان والے الفاظ میں ’فوبو‘ (FOBO) اور ’ویدر وِپلَیش‘ شامل ہیں۔ فوبو کا مطلب اے آئی یا نئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے ملازمت یا پیشہ ورانہ اہمیت کھونے کا خوف ہے، جبکہ ویدر وِپلَیش سے مراد موسم کی تیزی سے انتہائی تبدیلی ہے۔

متعلقہ پوسٹ