گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کا آغاز، آٹھ ممالک کے بدھسٹ رہنماؤں، ماہرین، سفارت کاروں کی شرکت

gandapur conf pakistan1795025105 0



اسلام آباد:

مشترکہ مستقبل کی جانب‘‘ کے موضوع کے تحت گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کا آغاز بدھ کے روز وزارتِ خارجہ میں ہوا، جس میں آٹھ ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں، بین الاقوامی ماہرین، سفارت کاروں، ارکانِ پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

مکالمے کا مقصد پاکستان کے گندھارا ورثے کے تحفظ، فروغ اور عالمی سطح پر اس کی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کرنا ہے۔

یہ مکالمہ وزیراعظم کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے گندھارا کا اقدام ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کر رہے ہیں، جبکہ عمران شوکت اس کے کوآرڈینیٹر ہیں۔

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ گندھارا خطے کی قدیم تاریخ کا ایک نہایت اہم اور ممتاز باب ہے، جو بدھ مت کی تعلیمات، فلسفے، فن اور ثقافت کا ایک عظیم مرکز رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس عظیم تاریخی ورثے کا امین ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس کے تحفظ کو عالمی برادری اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشترکہ ذمہ داری سمجھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت گندھارا سے تاریخی اور روحانی تعلق رکھنے والے ممالک کے ساتھ ثقافتی اور علمی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکالمہ ’’گندھارا: بدھ مت کا گہوارہ‘‘ حکمتِ عملی پر عمل درآمد اور پاکستان کو بدھ مت کے تاریخی ورثے، علمی تحقیق اور ثقافتی روابط کے اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔

سیکرٹری خارجہ سفیر عاصم افتخار احمد نے بین الاقوامی مندوبین اور بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گندھارا پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ اور تہذیبوں کے درمیان ایک اہم پل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندھارا کی اصل میراث صرف آثارِ قدیمہ کے مقامات تک محدود نہیں بلکہ اس سے وابستہ تاریخی تعلقات، باہمی روابط اور امن کا پیغام بھی اس کا اہم حصہ ہیں۔

سیکرٹری خارجہ نے بدھ مت اور اسلام میں رحم دلی، برداشت، عدم تشدد، انصاف اور انسانیت کے احترام جیسی مشترکہ اقدار کو بین المذاہب ہم آہنگی کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے ٹیکسلا، تختِ بھائی اور سوات کے تاریخی مراکز کا حوالہ دیتے ہوئے گندھارا ورثے کے تحفظ اور اسے دنیا بھر کی بدھ مت برادری اور زائرین کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بدھ مت کے زائرین کے لیے منظم مذہبی سیاحتی پروگراموں، تاریخی مقامات تک بہتر رسائی، مشترکہ آثارِ قدیمہ کی تحقیق و تحفظ اور ماہرین، عجائب گھروں اور مذہبی برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم کی ٹاسک فورس کا وژن اور حکمتِ عملی پیش کرتے ہوئے عمران شوکت نے کہا کہ پاکستان کا بنیادی مؤقف یہ ہے کہ ’’گندھارا بدھ مت کے پیروکاروں کا ورثہ ہے، ہم محض اس کے امین اور محافظ ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان گندھارا کو بدھ مت کی دنیا کے ایک مقدس مقام کے طور پر دوبارہ عالمی شناخت دلانا چاہتا ہے، جبکہ اس عمل میں مقامی آبادیوں کے لیے روزگار، مہمان نوازی، دستکاری، رہنمائی اور دیگر معاشی مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گندھارا کو بدھ مت کی تین بڑی روایات، تھیراوادا، مہایانا اور وجریانا، کے باہمی ملاپ کا منفرد تاریخی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے اہم ترجیحات میں بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے خصوصی ویزا کیٹیگری، مذہبی پیشواؤں کے لیے طویل المدتی متعدد بار داخلے کے ویزے، این او سی کے طریقہ کار میں آسانی، بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں کی شمولیت سے تاریخی مقامات کی نگرانی، اہم آثار کے قریب مراقبے کی سہولیات، بین الاقوامی گندھارا نمائشوں، مہمان نوازی کے شعبے میں تربیت اور نجی شعبے و عالمی اداروں کی سرمایہ کاری میں اضافے کی تجاویز پیش کیں۔

عمران شوکت نے اہم گندھارا مقامات کے قریب بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے مراقبے کے ہالز اور علمی مراکز کے قیام کی غرض سے زمین مختص کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے ٹیکسلا یا خیبر پختونخوا میں بدھ مت کے ورثے کے لیے ایک مخصوص زون کے قیام پر غور کرنے کی تجویز دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹاسک فورس نئی تجاویز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت سے قبل عالمی سنگھا (بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں) کی رہنمائی اور مشاورت کو اہمیت دیتی ہے۔

تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے انتہائی محترم ڈاکٹر پھرا انیل سکیا نے پاکستان کے وژن کو سراہتے ہوئے اس پر عمل درآمد میں تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدھ مت کا بیش قیمت تاریخی ورثہ اور نوادرات کے نایاب ذخائر موجود ہیں، جنہیں عالمی سطح پر وہ شناخت حاصل نہیں ہو سکی جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عجائب گھر اور گیلریاں اپنی تاریخی اہمیت کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے ذریعے لاکھوں سیاحوں اور زائرین کی توجہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ویتنام کے بدھ مت رہنما تھچ منہ کوانگ نے مراقبے کے ہال کے قیام کے لیے موزوں زمین مختص کرنے کی درخواست کی، جبکہ جاپان کے مذہبی رہنما ایم وی جنسی ٹیراساوا نے بدھ مت کی سرگرمیوں کے لیے زمین مختص کیے جانے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے اور مقامی آبادیوں کے ساتھ روابط قائم کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے آئندہ سال گندھارا امن کنونشن منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی اور اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

کمبوڈیا کے بدھ مت نمائندے ایم وی ڈاکٹر یون سنگ ییتھ نے پاکستان کی دو جامعات میں جلد از جلد گندھارا کارنرز قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس تجویز پر عمران شوکت کے ساتھ پہلے ہی بات چیت ہو چکی ہے۔

بنگلہ دیش کی چکما بدھ مت برادری کے ممتاز رہنما راجہ دیباشیش رائے نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور اس اقدام کی حمایت کا اظہار کیا۔

دیگر مذہبی رہنماؤں نے بھی بدھ مت کے تاریخی ورثے پر تحقیق، تحفظ، تعلیم اور علمی تبادلوں کے شعبوں میں مزید تعاون کی امید ظاہر کی۔

مذہبی رہنماؤں نے گندھارا کو مشترکہ عالمی ورثے کے طور پر تسلیم کرنے اور بدھ مت کے زائرین، محققین اور مذہبی شخصیات کے لیے سہولیات بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آسان سفری سہولیات، مستند معلومات، مناسب سکیورٹی انتظامات اور مذہبی رہنماؤں کی مخصوص ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی پاکستان پر عالمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

اجلاس کے موقع پر یونیسکو اور عالمی بینک کے نمائندوں نے بھی گندھارا کے حوالے سے پاکستان کے وسیع تر وژن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام محض کسی ایک ترقیاتی منصوبے تک محدود نہیں بلکہ متعلقہ اداروں اور فریقین کی مشاورت اور مشترکہ تعاون سے ایک جامع حکمتِ عملی تشکیل دینے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

تقریب کے دوران کیوریٹر ایلی تاکاگاکی نے ’’کلرز آف پاکستان: گندھارا ایڈیشن‘‘ کے عنوان سے اشاعت کی رونمائی بھی کی، جس میں گندھارا کے تاریخی مقامات، بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں اور بین الاقوامی روابط کو اجاگر کیا گیا ہے۔

مکالمے کے آئندہ اجلاسوں میں مذہبی بنیادوں پر آنے والے زائرین کے لیے سہولیات، ضابطہ جاتی ہم آہنگی، تاریخی ورثے کا تحفظ، بین الاقوامی سطح پر تشہیر، تحقیقی شراکت داری، بدھ مت کے مقدس مخطوطات کے تحفظ اور ترجمے، سیاحتی بنیادی ڈھانچے اور مقامی آبادی کی شمولیت سے ترقی جیسے اہم موضوعات پر غور کیا جائے گا۔

مکالمے کی اختتامی نشست وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن میں منعقد ہوگی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ