اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان نے تقریبا 4 درجن جامعات میں کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں روکے گئے داخلے بحال کے بغیر دوبارہ نیشنل اسکل کمپیٹینسی ٹیسٹ (این ایس سی ٹی) 2027 کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس ٹیسٹ کو تمام جامعات کے آئی ٹی سال آخر کے طلبہ پر لازم قرار دیا گیا ہے جو جنوری 2027 میں لیا جائے گا واضح رہے کہ ایچ ای سی نے سال 2026 میں این ایس سی ٹی کے نتائج کی بنیاد پر ملک کی 44 جامعات میں کمپیوٹر سائنس کے داخلے روک رکھے ہیں۔
ان 44 جامعات میں چاروں صوبوں کی سرکاری و نجی یونیورسٹیز شامل ییں اور داخلے روکنے سے متعلق 2 خطوط ستمبر اور اکتوبر میں متعلقہ جامعات کو ارسال بھی کیے گئے ہیں داخلوں کی تاریخ گزرنے کے باوجود پاکستان کی ان جامعات کو داخلوں کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق ایچ ای سی نے متعلقہ 44 جامعات کا انسپیکشن کیا اور سہولیات و کمی سے متعلق اس کی رپورٹس بھی تیار کرلی گئی ہیں تاہم اس کے باوجود داخلوں سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
44 جامعات کے کمپیوٹنگ پروگراموں میں نئے داخلوں پر پابندی کے سبب ہزاروں طلبہ بی ایس پروگرام میں داخلوں سے محروم ہیں داخلے نہ ہونے کے سبب ملک میں ہزاروں طلبہ کمپیوٹر سائنس کی تعلیم سے محروم رہ سکتے ہیں یا ان کا قیمتی سال ضائع ہوسکتا ہے جبکہ دیگر جامعات پر داخلوں کا دبائو بڑھ گیا ہے۔
یاد رہے کہ این ایس سی ٹی کمپیوٹر سائنس فائنل ایئر ساتویں اور آٹھویں سیمسٹر کے طلبہ کا ٹیسٹ ہے جو پہلی بار 2026 میں لیا گیا، جامعات سے کہا گیا کہ اپنے کمپیوٹر سائنس فائنل ایئر کے طلبہ کو اس ٹیسٹ میں شامل کریں ایچ ای سی نے اسی ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 44 جامعات میں داخلوں پر پابندی لگادیرتھی۔
جامعات کا کہنا یے کہ کسی بھی یونیورسٹی کو ٹیسٹ نتائج کی بنیاد پر داخلے روکنے کی کارروائی سے پیشگی آگاہ نہیں کیا گیا تھا ایچ ای سی نے ٹیسٹ سے قبل یہ نہیں بتایا تھا کہ اگر طلبہ کے نتائج خراب ہوئے تو داخلے روک دیں گے جبکہ نتائج کی بنیاد پر کارروائی کے حوالے سے جامعات کو لاعلم رکھا گیا ۔
واضح رہے کہ ایچ ای سی کے تحت نئے ٹیسٹ کی تاریخ 23 اور 24 جنوری دی گئی ہے، جامعات سے کہا گیا یے کہ ساتویں اور آٹھویں سیمسٹر کے طلبہ کی ٹیسٹ میں حاضری لازمی ہوگی ادھر اس صورتحال میں ملک بھر کی اکثر جامعات اب 2027 میں ہونے والے اس نئے ٹیسٹ میں اپنے طلبہ کی شرکت سے پہلو تہی کررہی ہیں کیونکہ جامعات کو خوف ہے کہ ان کے طلبہ کے نتائج کی بنیاد پر ان یونیورسٹیز کے داخلے بھی نہ روک دیے جائیں۔
علاوہ ازیں ایچ ای سی کا موقف ہے کہ جن یونیورسٹیز کے نتائج 20 فیصد سے کم تھے ان کے داخلے روکے گئے ہیں باقی جامعات کو داخلوں کی بدستور اجازت ہے اورداخلوں روکے جانے سے متعلق جامعات کی تین سے چار کیٹگریز بنائی ہیں ۔ ان کیٹگریز کی بنیاد پر متعلقہ جامعات کے داخلے دوبارہ شروع کرنے یا روکے رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گاداخلوں سے متعلق کوئی بھی فیصلہ دسمبر میں کمیشن کے اجلاس میں متوقع ہے۔
ادھر اعلی تعلیمی کمیشن کی جانب سے جو خط جامعات کو لکھا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے ایم ایس سی ٹی 2026 کے نتائج میں 20 فیصد سے کم نتائج کے حامل اداروں کے کمپیوٹنگ پروگراموں میں داخلے روک دیے ہیں۔
متاثرہ اداروں کے کمپیوٹنگ پروگراموں کا جامع جائزہ لینے کے لیے ماہر کمیٹیاں تشکیل دیں گئی تھیں ان کمیٹیوں کے انسپیکشن میں متعلقہ تعلیمی اور ادارہ جاتی انتظامات، فیکلٹی کی تعداد اور معیار، انفراسٹرکچر اور لیبارٹریز، نصاب پر عمل درآمد، امتحانی نظام اور سیکھنے کے نتائج، طلبہ کی معاونت، کوالٹی ایشورنس کے انتظامات، انڈسٹری سے روابط کے جائزے مکمل ہو چکے ہیں اور اس کے مجموعی نتائج متعلقہ مجاز حکام کے سامنے غور و خوض اور مزید فیصلے کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں۔
جائزے کے نتائج سے ابھی تک متعلقہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو باضابطہ طور پر مطلع نہیں کیا گیا نئے داخلوں کے حوالے سے کوئی نظرثانی شدہ فیصلہ یا اجازت یونیورسٹیز کو جاری نہیں ہوا ہے لہذا کوئی یونیورسٹی کمپیوٹنگ میں نئے طلبہ کو انرولڈ نہ کرے۔

