بول نیوز کی عمارت میں آتشزدگی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
بول نیٹ ورک اپنے ملازمین، شراکت داروں اور تمام متعلقہ افراد کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے
کراچی: بول نیوز کی عمارت کے اس حصے میں آج آتشزدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں نیٹ ورک کے بعض اسٹوڈیوز اور دیگر تنصیبات موجود ہیں۔
بول نیٹ ورک نے اسٹوڈیوز پر مشتمل عمارت میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد اپنا باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق دن کے تقریباً پونے ایک بجے کے قریب عمارت میں آگ لگی، آتشزگی کی اطلاع ملتے ہی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی)کے فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر کامیابی سے قابو پالیا جبکہ اس وقت عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں بول نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اطمینان ہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا ہے۔ عمارت کو خالی کروانے کا عمل نہایت منظم اور بحفاظت مکمل کیا گیا، اور وہاں موجود تمام افراد کو بروقت اطلاع دے کر بحفاظت باہر منتقل کر دیا گیا۔
اس تمام صورتحال کے دوران ہمارے ملازمین اور عمارت میں موجود ہر فرد کی جان و سلامتی ہماری اولین ترجیح رہی۔بول نیٹ ورک متعلقہ حکام کی جانب سے کلیئرنس ملنے کا منتظر ہے، جس کے بعد معمول کے مطابق آپریشنز کی بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ہم کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے فائر بریگیڈ اور تمام متعلقہ ہنگامی امدادی اداروں کے عملے کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جنہوں نے بروقت پہنچ کر پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے ساتھ صورتحال پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بول نیٹ ورک اپنے ملازمین، شراکت داروں اور تمام متعلقہ افراد کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت کے مطابق مزید تفصیلات اور پیش رفت سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

