ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی شینزن میں تاریخی سہ فریقی ملاقات

trump putin


شینزین: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ جمعرات کو چین کے شہر شینزن میں پہلی باضابطہ سہ فریقی ملاقات کریں گے۔ ایشیا پیسیفک اکنامک تعاون (اے پی ای سی) سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات کو عالمی سفارت کاری میں غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تینوں لیڈروں نے بدھ کو سربراہ اجلاس کے استقبالیہ عشائیے سے قبل ایک دوسرے سے ملاقات کی اور مختصر تبادلۂ خیال بھی کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ بدھ کو چین پہنچے، جہاں صدر شی جن پنگ نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ ٹرمپ کا پرجوش تماشائیوں، ملٹری فلائی اوور، گارڈ آف آنر اور چینی صدر کے گلے ملنے سے استقبال کیا گیا۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین ایک شائستہ ملک ہے جس کی روایت باہمی احترام کی ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے دوبارہ چین آنے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ چین-امریکہ تعلقات، ایشیا-بحرالکاہل تعاون اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کے خواہاں ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بعد ازاں ٹرمپ سے ملاقات کی اور کہا کہ انہیں سہ فریقی ملاقات سے بڑے فائدے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں تقسیم اور بڑھتے فوجی و سیاسی خطرات کے پیش نظر بڑی طاقتوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق جمعرات کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ایران کی جنگ سمیت اہم عالمی معاملات پر گفتگو متوقع ہے۔ یوکرین جنگ کا معاملہ بھی مذاکرات میں اہمیت اختیار کر سکتا ہے، کیونکہ ٹرمپ نے بعد میں کہا کہ وہ اس موضوع کو بھی اٹھا سکتے ہیں۔
فروری میں امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق نیو اسٹارٹ معاہدے کی میعاد ختم ہونے کے بعد دونوں ممالک کے جوہری ذخائر پر عائد پابندیاں ختم ہو چکی ہیں۔ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں ہونے والے کسی نئے معاہدے میں چین کو بھی شامل کیا جائے، تاہم بیجنگ نے اپنے نسبتاً محدود جوہری ذخیرے کے باعث اس تجویز میں خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

متعلقہ پوسٹ