انقرہ اسلامی دنیا میں اتحاد مضبوط اور اختلافات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے: اردگان


استنبول: ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ انقرہ اسلامی دنیا میں اتحاد و یکجہتی مضبوط کرنے اور باہمی اختلافات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
جمعہ کو استنبول میں میلاد النبیﷺ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اردگان نے کہا کہ ترکیہ اپنے درمیان اور پوری اسلامی دنیا میں اتحاد کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلمان، جنہوں نے صدیوں تاریخ کی تشکیل میں کردار ادا کیا، ایک بار پھر متحد ہو جائیں گے اور اپنے حقوق کے دفاع کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے۔
ترک صدر نے اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صہیونی نظریہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے اور اسرائیل کی جنگ جنون میں مبتلا حکومت پورے خطے کو غیر مستحکم کرنے کیلئے اشتعال انگیزی کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اسرائیل کی غیر قانونی پالیسیوں کے خلاف مؤثر ردعمل دینے میں ناکام رہی ہے۔

متعلقہ پوسٹ