اسٹاک ہوم: غزہ میں جاں بحق بچوں کی یاد میں تعزیتی مظاہرہ

gazaremeb 191126 d


اسٹاک ہوم: غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران جاں بحق ہونے والے فلسطینی بچوں کی یاد میں سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں تعزیتی مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے بچوں کے خون آلود جوتے، کھلونے اور کفن میں لپٹی گڑیاں رکھ کر جنگ کے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع کی منظرکشی کی۔
شہر کے مرکزی علاقے سرگیلز ٹورگ میں منعقدہ مظاہرے میں جاں بحق بچوں کے ناموں والے طویل بینر بھی آویزاں کیے گئے، تاکہ ان بچوں کو محض اعداد و شمار کے بجائے نام اور شناخت رکھنے والے انسانوں کے طور پر یاد رکھا جائے۔
مظاہرین نے بینروں اور پلے کارڈز پر مختلف پیغامات درج کیے، جن میں اسرائیلی حملوں کو روکنے اور غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں پر توجہ دینے کے مطالبات شامل تھے۔ بعض پلے کارڈز پر لکھا تھا: ’’اسرائیل نے اس بچے کو قتل کیا‘‘ اور ’’اسرائیل نے اس بچے کو اس کے خاندان سے چھین لیا۔‘‘
خون آلود جوتوں اور کھلونوں کی نمائش کے ذریعے ان بچوں کی زندگیوں کی علامتی یاد دہانی کرائی گئی، جو جنگ کے دوران اپنے گھروں، خاندانوں اور بچپن سے محروم ہو گئے۔
مظاہرے میں شریک سویڈش کارکن ربیکا ہائبینیٹ نے خبر رساں ادارے انادولو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے بچوں اور وہاں جاری صورتِ حال کی یاد تازہ کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق غزہ میں تشدد اور ہلاکتوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا، اس لیے دنیا کو بار بار یاد دلانا ضروری ہے کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مظاہرین ہر ہفتے ہفتے کے روز اسی مقام پر جمع ہو کر اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔ ربیکا نے غزہ میں دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ تازہ واقعات نے انہیں شدید پریشان کیا ہے۔
ان کے مطابق مظاہرے کا مقصد صرف احتجاج کرنا نہیں بلکہ ان بچوں کو یاد رکھنا بھی ہے جن کی زندگیاں جنگ نے چھین لیں۔
سرگیلز ٹورگ اسٹاک ہوم کا ایک معروف عوامی چوک ہے، جہاں فلسطین کے حق میں اس سے قبل بھی متعدد مظاہرے ہو چکے ہیں۔ 7 نومبر کو بھی سیکڑوں افراد نے اسٹاک ہوم میں فلسطین اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کیا تھا، جس میں شہری تنظیموں کے کارکنوں نے غزہ، مغربی کنارے اور لبنان میں فوجی کارروائیاں روکنے کے مطالبات کیے تھے۔

متعلقہ پوسٹ