2070 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب ہوگا، پیو ریسرچ سینٹر

پیو ریسرچ سینٹر.webp


’پیو رسرچ‘ کے سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو 2070 میں مسیحیت پیچھے رہ جائے گی اور اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔

 امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر نے 2020 سے 2070 تک دنیا کے مذہبی نقشے میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق پیش گوئیاں جاری کی ہیں جن کے مطابق آئندہ چند دہائیوں میں عالمی مذہبی آبادی کا تناسب نمایاں طور پر تبدیل ہوسکتا ہے اور مسلمان دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں۔

پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق کے مطابق 2070 تک دنیا کی تقریباً 36 فیصد آبادی مسلمان ہوسکتی ہے، جبکہ عیسائیوں کا عالمی آبادی میں تناسب کم ہوکر تقریباً 29 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ پاکستان 2070 تک مسلم آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن سکتا ہے اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔ اس وقت انڈونیشیا دنیا میں سب سے زیادہ مسلمان آبادی رکھنے والا ملک ہے۔

تحقیق کے مطابق پاکستان، افغانستان، ایران اور ترکی سمیت مشرقِ وسطیٰ کے بیشتر ممالک میں اسلام اکثریتی مذہب برقرار رہے گا، جبکہ سعودی عرب، شمالی افریقہ اور وسطی ایشیا کے متعدد ممالک میں بھی مسلمانوں کی اکثریت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی اسلام سب سے بڑا مذہبی گروہ رہے گا۔

پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینوں کے مطابق دنیا میں مسلم اکثریتی ممالک کی تعداد 53 سے بڑھ کر 54 ہوسکتی ہے، جبکہ عیسائی اکثریتی ممالک کی تعداد 120 سے کم ہوکر 110 رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپ کے متعدد ممالک میں عیسائیت اکثریتی مذہب رہے گی، تاہم بعض یورپی ممالک میں مذہب سے غیر وابستہ افراد سب سے بڑا گروہ بن سکتے ہیں۔ جنوبی اور وسطی امریکہ کے بیشتر ممالک میں بھی عیسائیت کی اکثریت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تحقیق کے مطابق بھارت میں ہندو مذہب اکثریتی مذہب رہے گا، جبکہ چین اور جاپان میں مذہب سے غیر وابستہ افراد سب سے بڑا گروہ بن سکتے ہیں۔ دوسری جانب تھائی لینڈ اور میانمار میں بدھ مت کی اکثریت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں 2070 تک کسی ایک مذہبی گروہ کو مجموعی آبادی کی واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق دنیا کی مذہبی آبادی میں تبدیلی کے بنیادی عوامل میں شرحِ پیدائش، اموات، بین الاقوامی نقل مکانی اور مذہبی وابستگی میں تبدیلی شامل ہوں گے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پیش گوئیاں حتمی نتائج نہیں بلکہ موجودہ آبادیاتی رجحانات کی بنیاد پر تیار کردہ تخمینے ہیں، جن میں مستقبل کے حالات کے مطابق تبدیلی آسکتی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ