چاہتا ہوں شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم بنیں جو اپنے 5 سال مکمل کریں، بلاول بھٹو

263c080f71fb52e375b268531bcc6b0b L


پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم بنیں جو اپنے 5 سال مکمل کریں۔ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیرِاعظم بنایا۔ ایک دفعہ کابینہ میں ان کے ساتھ کام کیا اور اس دفعہ جس انداز میں وہ ان کی حمایت کر رہے ہیں، وہ سب کے سامنے ہے۔

کراچی میں جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے معاشی مسائل، بینظر ہاری کارڈ کے اجرا اور سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیرِاعظم بنایا۔ ایک دفعہ کابینہ میں ان کے ساتھ کام کیا اور اس دفعہ جس انداز میں وہ ان کی حمایت کر رہے ہیں، وہ سب کے سامنے ہے۔

ان کے بقول وزیرِاعظم اس پر فخر کرتے ہیں کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے انہوں نے بچایا۔ شہباز شریف اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ان کی ٹیم نے پاکستان کی معیشت کے بنیادی اشاریوں کو مستحکم کر دیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ جب خطے میں جنگ شروع ہوئی تو اس کے بعد معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ وزیرِاعظم اور ان کی ٹیم نے بہت محنت کی کہ امن قائم ہو تاکہ ان معاشی مشکلات کا خاتمہ ہو۔ یہ محنت ابھی تک جاری ہے لیکن افسوس کے ساتھ جہاں امن کی کوششیں جاری ہیں، وہاں وزیرِاعظم کو یہ موقع ہی نہیں دیا گیا کہ وہ معاشی مسائل پر توجہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کو یہ موقع ہی نہیں دیا گیا کہ وہ اپنا ایجنڈا سیٹ کریں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو بلا کر بتائیں کہ ان کا کیا پلان ہے کہ وہ پاکستانی عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے کیسے بچا سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم جب بھی کوئی ایسا پلان بناتے ہیں تو ان کا کوئی نہ کوئی وزیر اٹھ کر اپنا ایجنڈا سنا دیتا ہے اور اصل موضوع سے توجہ ہٹا دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وزیرِاعظم کے ہاتھ مضبوط کریں۔ عام پاکستانی سیاست دانوں کی روایت رہی ہے کہ وہ وزیرِاعظم کے کام میں مشکلات کیسے پیدا کریں، وزیرِاعظم کو کیسے ہٹائیں اور خود اس کرسی پر کیسے بیٹھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ سب نہیں کر رہے۔ وہ چاہتے ہیں اور ان کی دعا ہے کہ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم بنیں جو اپنی 5 سالہ مدت پوری کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ اس لیے یہ چاہتے ہیں کہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان کے لیے آگے کیا کیا مشکلات پیدا ہونے والی ہیں۔ ان کے بقول وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو اس کی فکر نہیں کہ ایک صوبہ بنے یا ہزار صوبے، پاکستان کے عوام کو دو وقت کی روٹی کی فکر ہے۔

اپنے خطاب میں چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ جہاں وزیرِاعظم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں، وہیں یہ بھی سمجھتے ہیں کہ ملک کے اصل مسائل کا مقابلہ ایک یا دو سیاسی جماعتیں اکیلے نہیں کر سکتیں۔ یہ ایک قومی جدوجہد ہوگی اور سب کو مل کر کام کرنا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کو پسند کریں یا نہ کریں، وہ اپوزیشن بینچز پر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان وہی شخص ہیں جنہوں نے صدر زرداری اور فریال تالپور کو جیل بھیجا۔ لیکن اگر وہ اپنی انا کی وجہ سے سیاست کریں اور یہ سوچیں کہ ان کی ضد اور انتقام اس ملک کے مفاد سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں تو وہ بھی کہتے کہ ”رگڑا دو، رگڑا دیتے رہو۔“ لیکن وہ ایسا نہیں کہہ رہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے اختلافات، عمران خان کی اپنی غلطیاں اور مسائل اپنی جگہ، لیکن ان کی جماعت پارلیمنٹ میں ہے، ان کے اراکین ہیں اور اپوزیشن کی سب سے زیادہ تعداد انہی کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں مل کر تمام مسائل کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں ان سے بھی رابطہ کرنا پڑے گا اور درخواست کرنی پڑے گی کہ وہ آئیں اور پارلیمنٹ اور کمیٹیوں میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہم مل کر پاکستان کے مسائل کا مقابلہ کریں۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق یہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ان کی سوچ ہے۔ وہ اسی سوچ کے مطابق اپنا کام کرتے رہیں گے۔ وہ زور زبردستی کی سیاست نہیں کرتے۔ لیکن یہ ان کا حق ہے کہ وہ اپنا مؤقف اس ملک اور عوام کے سامنے رکھیں۔ یہ وزیرِاعظم کی مرضی ہے کہ وہ ان کی تجویز پر دھیان دیں یا نہیں۔

اس سے قبل اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ہم ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔ ہمارے خطے میں جو جنگ کے حالات ہیں، ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جنگ کا جو معاشی بوجھ ہے، پاکستان کا ہر شہری اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا اور حقیقت یہ ہے کہ ہمارے سامنے امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آ رہا اور اگر یہ معاہدہ ہوا بھی تو معاشی بحران سے نمٹنے میں بہت وقت لگے گا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ان حالات میں دنیا بھر کی ہر حکومت، چاہے وہ جنگ میں شریک ہو یا نہیں، اس کی پوری توجہ، اس کے سیاست دانوں، حکومتوں اور صوبائی حکومتوں کی توجہ اس بات پر ہے کہ معاشی بحران میں عوام کو کیا کیا معاشی ریلیف دلوا سکتے ہیں۔ عوام کے کندھوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے کیا کیا اقدامات کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آنے والے وقت میں معاشی مشکلات میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہو گا اور جب ایسے حالات ہیں کہ آگے کی منصوبہ بندی ہم کیا کر سکتے ہیں تو دنیا بھر میں ایک ہی توجہ ہے۔ لیکن افسوس کے ساتھ ہمارے ملک میں حکمرانوں اور سیاست دانوں نے عوام کے مسائل پر توجہ دینا بند کر دی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لیکن روٹی، کپڑا، مکان دلوانے والی پاکستان پیپلزپارٹی تین نسلوں سے ملک کے غریب اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والوں، محنت کشوں اور کسانوں کی رہنمائی کرتی آ رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی سوچ یہ ہے کہ کسی اور مسئلے پر توجہ نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ توجہ ہونی چاہیے کہ ہم اپنے محدود وسائل میں عوام کو کیسے مدد پہنچا سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کا ’بینظیر ہاری کارڈ‘ ایک ایسا طریقہ ہے جو صوبے کے چھوٹے کسانوں اور 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے زمینداروں کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔

ان کے بقول 6 لاکھ افراد کی اس پروگرام کے ذریعے مالی مدد کی جائے گی۔ گندم کے کاشتکاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ مالی مدد فراہم کریں گے جب کہ جب ان سے گندم حاصل کریں گے تو 2 ہزار روپے مزید دیے جائیں گے۔


install suchtv android app on google app store



Source link

متعلقہ پوسٹ