ہیکرز کو اب آپ کا بینک اکاؤنٹ ہیک کرنے کی ضرورت نہیں، انہیں صرف 30 سیکنڈ کی آڈیو درکار ہوتی ہے تاکہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے آپ کی آواز کی نقل تیار کر سکیں اور اس کے ذریعے رقم منتقل کروا سکیں۔
اب کسی کی آواز سن لینا اس بات کا ثبوت نہیں رہا کہ آپ واقعی اسی شخص سے بات کر رہے ہیں۔ اے آئی آپ کے گھر والوں، دوستوں، دفتر کے باس حتیٰ کہ سرکاری حکام کی آواز کی بھی نقل کر سکتی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گذشتہ ہفتے امریکہ میں دھوکے بازوں نے 129 ملین ڈالر چوری کرنے کے لیے اے آئی وائس کلوننگ کا استعمال کیا۔
اوپن اے آئی کے سی ای او بھی خبردار کر چکے ہیں کہ شناخت کی تصدیق کے لیے آواز کی شناخت کا طریقہ اب قابلِ بھروسہ نہیں رہا۔
ایسے میں اے آئی کے دور میں اگر آپ کو کسی گھر والے یا دوست کی کال آئے اور وہ پیسوں کا مطالبہ کرے تو ضروری نہیں کہ دوسری طرف واقعی وہی شخص ہو۔
تو وائس کلوننگ کے ذریعے ہونے والے فراڈ سے آپ کیسے بچ سکتے ہیں؟ اس کے لیے چند حفاظتی اقدامات اختیار کیے جا سکتے ہیں۔
1۔ گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ خفیہ لفظ یا جملہ طے کریں
ایف بی آئی نے بھی حال ہی میں ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس میں شناخت کی تصدیق کے لیے خفیہ لفظ یا جملہ طے کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مجرموں کی جانب سے اے آئی وائس کلوننگ کے استعمال کے پیشِ نظر ادارے نے خاندانوں کو یہ احتیاطی تدبیر اختیار کرنے کا کہا ہے۔
لہٰذا اگلی بار جب کسی گھر والے یا دوست کی کال آئے، خاص طور پر کسی ہنگامی صورت حال میں فوری رقم منتقل کرنے کا کہا جائے تو تھوڑا رکیں اور وہ خفیہ جملہ پوچھیں۔
2۔ کال کاٹ کر متعلقہ شخص کو براہِ راست فون کریں
اگر کسی کال پر دھوکے کا شبہ ہو تو کال منقطع کر دیں اور متعلقہ فرد کے نمبر پر خود فون کریں۔ اس طرح آپ تصدیق کر سکتے ہیں کہ کال واقعی اسی شخص نے کی تھی یا نہیں۔
3۔ آواز کے لہجے اور الفاظ پر غور کریں
اے آئی سے تیار کی گئی آوازیں ہموار یا قدرتی نہیں ہوتیں۔ اس لیے اگر آپ کو کوئی مشکوک کال آئے تو اس کے لہجے اور بولے جانے والے الفاظ پر غور کریں۔ دیکھیں کہ آواز واقعی آپ کے دوست، والد یا جس شخص کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، اسی کی لگتی ہے یا نہیں۔
4۔ فون کی وائس میل پر اپنی آواز کے بجائے مشینی آواز استعمال کریں
فون کی وائس میل پر اپنی ریکارڈ شدہ آواز کے بجائے پہلے سے موجود مشینی آواز استعمال کریں۔ اس طرح آپ کسی اجنبی کو اپنی آواز ریکارڈ کرنے کا موقع نہیں دیں گے اور آپ کی آواز کا کلون بنانا مشکل ہو جائے گا۔

