واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ چین کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے موبائل فون سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر تحویل میں لے لیے گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام ممکنہ سائبر جاسوسی سے بچاؤ کے لیے کیا گیا اور امریکا واپسی پر صحافیوں کو ان کے فون واپس کردیے گئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دورہ چین کے بعد صدر ٹرمپ کے طیارے ایئر فورس ون میں صحافیوں کے موبائل فون خصوصی سکیورٹی بیگز میں رکھوائے گئے۔ وائٹ ہاؤس کے عملے کے موبائل فونز کے حوالے سے بھی ڈیٹا مٹانے یا انہیں تلف کرنے کے خدشات کے تناظر میں عارضی ضبطگی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق چین کے دورے کے دوران ممکنہ سائبر جاسوسی اور ڈیجیٹل نگرانی کے خدشات کے باعث یہ احتیاطی اقدام کیا گیا۔
اس مقصد کے لیے استعمال کیے جانے والے خصوصی بیگز کو ’’فیراڈے بیگز‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان بیگز میں موبائل فون رکھنے سے وائی فائی، موبائل نیٹ ورک اور دیگر وائرلیس سگنلز کی ترسیل اور وصولی بند ہوجاتی ہے، جس کے ذریعے فون کو بیرونی رابطوں سے الگ رکھا جاسکتا ہے۔
حکام کے مطابق موبائل فونز کو عارضی طور پر تحویل میں لینے کا مقصد سکیورٹی احتیاط تھا۔ تاہم کسی مخصوص جاسوسی کی کوشش یا صحافیوں کے فونز میں نگرانی کے سافٹ ویئر کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکا پہنچنے کے بعد صحافیوں کو ان کے موبائل فون واپس کردیے گئے۔

