دوست ممالک چین اور روس نے نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں تبدیلی کی مخالفت کردی؛ ایران

untitled 41791836153 0


ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ چین اور روس ایران کے جوہری نظریے میں تبدیلی کے مخالف ہیں تاہم ملک کے اندر بعض حلقے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو دفاعی ضرورت قرار دیتے ہوئے موجودہ پالیسی تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ہفتے کے روز سرکاری اخبار ایران ڈیلی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جوہری نظریے میں تبدیلی کا معاملہ وسیع اور سنجیدہ نوعیت کا ہے جس پر ملک کے اندر مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ چین اور روس بھی ایران کے جوہری نظریے میں تبدیلی کے حامی نہیں ہیں۔ ان دونوں ممالک کے ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے موجود ہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب تک ایران کے جوہری نظریے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور حکومت کا سرکاری مؤقف پہلے کی طرح برقرار ہے۔

ایران میں جوہری پالیسی تبدیل کرنے کی بحث اسرائیل اور امریکا کے ساتھ جنگ کے بعد دوبارہ شدت اختیار کرگئی ہے۔ اس جنگ کے دوران ایرانی جوہری تنصیبات کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب ایران نے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو جوہری مراکز تک رسائی دینے سے روک رکھا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے عالمی جوہری ادارے نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ معائنہ کاروں کی واپسی کے لیے بتدریج اقدامات کرے کیونکہ اہم تنصیبات تک رسائی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ