کراچی:
بالی ووڈ اداکار اور باڈی بلڈر کیتن کاراندے نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں تقریباً 20 سال قبل اداکارہ ایشوریا رائے بچن کے باڈی گارڈ کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، جہاں ان کی ذمہ داری اداکارہ کو سلمان خان سے محفوظ رکھنا تھی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیتن کاراندے نے بتایا کہ انہوں نے اس سے پہلے کبھی عوامی سطح پر اس ملازمت کا ذکر نہیں کیا تھا۔ ان کے مطابق جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں کس مقصد کے لیے رکھا گیا تھا تو انہوں نے بتایا کہ انہیں ایشوریا رائے کو سلمان خان سے بچانے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
کیتن کاراندے نے بتایا کہ وہ ایشوریا رائے کو ان کے گھر سے لے کر شوٹنگ کے مقام تک پہنچاتے تھے اور ان کی حفاظت یقینی بناتے تھے۔
انہوں نے ایک فیشن شو کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب فلم ساز وکرم بھٹ نے منعقد کی تھی، جہاں وہ ایشوریا رائے کے ساتھ موجود تھے۔ تقریب ختم ہونے کے بعد واپسی پر ان کا اچانک سامنا سلمان خان سے ہوگیا۔
ان کے مطابق سلمان خان کو سامنے دیکھ کر وہ گھبرا گئے اور سوچنے لگے کہ اب کیا کرنا چاہیے۔ ابتدا میں خیال آیا کہ شاید انہیں گاڑی سے باہر نکلنا پڑے تاہم ڈرائیور نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا اور گاڑی نکالنے کے لیے دوسرا راستہ اختیار کرلیا۔
کیتن کاراندے کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں کہ سلمان خان کو اس حفاظتی انتظام کا علم تھا یا نہیں تاہم اس واقعے کے بعد انہیں خدشہ ہونے لگا کہ سلمان خان کے پاس اسلحہ ہوسکتا ہے جس کے باعث انہوں نے یہ ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

