اُٹکیاؤک (الاسکا): امریکہ کی شمالی ترین آبادی اُٹکیاؤک میں سال 2026 کا آخری غروبِ آفتاب ہو چکا ہے۔ اب یہاں کے باشندوں کو تقریباً 65 دن تک سورج طلوع ہوتا دکھائی نہیں دے گا۔ قطبی علاقوں میں پیش آنے والے اس قدرتی مظہر کو "پولر نائٹ” کہا جاتا ہے۔
سابقہ نام بیرو سے معروف اس شہر میں 18 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 1 بج کر 42 منٹ پر سال کا آخری غروبِ آفتاب ہوا۔ سورج اس سے محض ایک گھنٹہ قبل طلوع ہوا تھا، یعنی اس دن شہریوں کو تقریباً 60 منٹ دھوپ میسر آئی۔ اب 19 نومبر سے 22 جنوری تک سورج افق سے اوپر نہیں آئے گا اور 23 جنوری 2027 کو دوپہر تقریباً 1 بج کر 3 منٹ پر دوبارہ طلوع ہوگا۔ ابتدا میں یہ ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ دکھائی دے گا، تاہم بہار کے قریب آتے ہی دن کی روشنی بتدریج بڑھتی جائے گی۔ یہ شہر بحرِ منجمد شمالی کے ساحل پر، قطبِ شمالی کے دائرے سے تقریباً 320 میل شمال میں واقع ہے۔
پولر نائٹ زمین کے محوری جھکاؤ کی وجہ سے ہوتی ہے۔ زمین کا محور تقریباً 23.5 ڈگری جھکا ہوا ہے، اور شمالی نصف کرے میں سرما کے دوران قطبِ شمالی کا علاقہ سورج سے مخالف سمت میں جھک جاتا ہے۔ کوئی مقام جتنا زیادہ شمال میں ہو، وہاں سورج کے غائب رہنے کا دورانیہ اتنا ہی طویل ہوتا ہے۔ تاہم اس کا مطلب مکمل اندھیرا نہیں؛ دوپہر کے وقت "سول ٹوائی لائٹ” کے باعث ہلکی روشنی پھیلتی ہے۔ امریکی نیول آبزرویٹری کے مطابق دسمبر میں موسمِ سرما کے انقلاب کے آس پاس تقریباً تین گھنٹے تک نیلگوں یا گلابی روشنی دکھائی دیتی ہے، جبکہ باقی وقت چاندنی، ستارے اور کبھی کبھار شمالی روشنیاں علاقے کو روشن کرتی ہیں۔
اُٹکیاؤک کی آبادی تقریباً پانچ ہزار ہے، جن میں بڑی تعداد مقامی اِنُوپیئٹ برادری کی ہے جن کے آباؤ اجداد ہزاروں برس سے یہاں آباد ہیں۔ طویل تاریکی اور شدید سردی کے باوجود اسکول کھلے رہتے ہیں، کاروبار چلتے ہیں اور لوگ شکار اور سماجی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ اس کے برعکس گرمیوں میں یہاں "مڈنائٹ سن” کا مظہر دیکھنے میں آتا ہے، جب سورج دو ماہ سے زیادہ عرصے تک مسلسل افق کے اوپر رہتا ہے۔

